ستمبر میں مہنگائی 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی: ادارہ شماریات
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی جبکہ ستمبر 2024ء میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) 6.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ستمبر میں مہنگائی وزارت خزانہ کی توقعات سے بھی کم رہی۔ ستمبر2024 میں مہنگائی جنوری2021 کے بعد سب سے کم رہی۔ گزشتہ ماہ مہنگائی کی شرح فیصد6.9 ریکارڈ کی گئی جس کے ساتھ اوسط مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ادارہ شماریات نے کہا کہ اگست 2024 میں مہنگائی کی شرح 9.64 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، اگست کے مقابلے میں ستمبر میں مہنگائی میں 0.52 فیصد کمی ہوئی، جولائی تا ستمبرکی سہہ ماہی میں اوسط مہنگائی 9.19 فیصدریکارڈکی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ستمبر میں شہروں میں مہنگائی 0.53 اور دیہاتوں میں 0.50 فیصد کم ہوئی، ستمبر میں شہروں میں مہنگائی کی شرح 9.29 فیصد رہی۔ گزشتہ ماہ دیہات میں مہنگائی کی شرح 3.65 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگست 2024ء میں سالانہ بنیادوں پر کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کی مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد رہی، جو پچھلے مہینے میں 11.1 فیصد تھی، یوں ماہانہ مہنگائی کی شرح 0.39 فیصد رہی جبکہ اگست 2023 میں مہنگائی کی شرح 27.4 فیصد تھی۔ اس سے قبل آخری بار ملک میں مہنگائی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے دوران اکتوبر 2021 میں سنگل ڈیجٹ ریکارڈ کی گئی تھی اور پی ٹی آئی حکومت جانے کے بعد پہلی بار اب مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آئی ہے۔ ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ اگست میں شہروں میں مہنگائی 0.27 اور دیہاتوں میں 0.55 فیصد بڑھی جس کے بعد اگست میں شہروں میں مہنگائی کی شرح 11.71 فیصد اور دیہات میں یہ شرح 6.73 فیصد ریکارڈ کی گئی۔