• news

فضل الرحمن سے ملاقات، خدمات کو خراج تحسین، چین رول ماڈل: محسن نقوی

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پارلیمان کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے مولانا فضل الرحمان کا کردار قابل تحسین ہے، وہ زیر ک، مدبر، دور اندیش سیاسی راہنما ہیں۔ منگل کو وزیر داخلہ محسن نقوی نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان  سے ملاقات  کی۔ انہوں نے  مولانا فضل الرحمان اور مولانا عبدالغفور حیدری کو جے یو آئی کا بلامقابلہ امیر اور سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں جے یو آئی نے اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے۔  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے  عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پر چینی قیادت، کیمونسٹ پارٹی آف چائنا اور چینی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی قیادت نے محنت، عزم اور جذبے کے ساتھ ترقی کی منزل حاصل کی۔ چین ترقی پذیر ریاستوں کیلئے  رول ماڈل ہے۔ چینی قوم نے اپنی عظیم لیڈر شپ میں غربت، بے روزگاری اور کرپشن کیخلاف کامیاب جدوجہد کی۔ اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی قیادت، کیمونسٹ پارٹی آف چائنا اور عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔  وفاقی وزیر داخلہ نے کہا چین پاکستان کا سب سے زیادہ با اعتماد دوست ہے، پاک چین دوستی پوری دنیا میں اپنی مثال آپ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن