فضل الرحمن سے ملاقات: نوازشریف کا پیغام پہنچایا، آئینی ترمیم پر کوئی ڈیڈ لائن نہیں: عرفان صدیقی
اسلام آباد (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی پارٹی قائد نواز شریف کا خصوصی پیغام لے کر مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ (ن) لیگی سینیٹر عرفان صدیقی جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے اور ان سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق عرفان صدیقی پارٹی قائد میاں نواز شریف کا خصوصی پیغام لے کر پہنچے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آئینی ترامیم پر مشاورت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے مجوزہ آئینی ترمیم، ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کے علاوہ باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی۔ ملاقات کے دوران جے یو آئی کے رہنما مولانا سعد محمود، اسلم غوری اور سلمان گیلانی بھی موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر عرفان صدیقی نے واضح کیا کہ مولانا فضل الرحمن نے آئینی عدالت کی تائید کی تاہم وہ چاہتے ہیں کہ کوئی ایسی چیز شامل نہ ہو جو بنیادی حقوق سے متصادم ہو۔ آئینی ترمیم سے متعلق کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی جا سکتی۔علاوہ ازیں فضل الرحمنٰ نے اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کی۔