ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بازیابی کیس، وزارت دفاع، داخلہ کو بیان حلفی جمع کرانے کا حکم
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبد العزیز نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کی بازیابی کے لئے دائر پٹیشن میں پولیس کی کارکردگی کو ناقص قرار دیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے آئندہ تاریخ 14 اکتوبر کو آئی جی جیلخانہ جات اور سی پی او راولپنڈی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ریاست اپنے اہلکاروں سے کس طرح کا سلوک کررہی ہے۔ دوران سماعت سرکاری نمائندے کی جانب سے محمد اکرم کو جاری شوکاز نوٹس عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے جو افسر غائب ہے اس کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا جس پر درخواست گزار کی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اینٹی کرپشن کے لوگ سکول سے محمد اکرم کے بچوں کے بارے میں کھوج لگا رہے ہیں بچوں سے متعلق سکول کے عملے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع کو بیان حلفی جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔