پاکستان، روس کے درمیان ٹریڈ، انویسٹمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
لاہور+ ماسکو (آئی این پی+ نیوز رپورٹر) پاکستان اور روس کے مابین دو طرفہ سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہو گئے۔ وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا روس کے دورے کا مقصد دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کو نزدیک لانا ہے۔ پاکستان اور روس کے مابین مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط خوش آئند اور نیک شگون ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 76سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاک روس ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد ہوا ہے جس میں دونوں ممالک کے مابین کاروباری سرگرمیوں میں اضافے، امپورٹ ایکسپورٹ بڑھانے اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی سرمایہ کاری کے معاہدے تشکیل پائے ہیں۔ پاکستان سے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کی سربراہی میں 70 سے زائد کمپنیوں کے سی ای او صاحبان نے ماسکو میں تین روزہ فورم میں شرکت کی۔ ماسکو چیمبر آف کامرس کے صدر پلاتونوف ویلادی میر اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے مابین ملاقات و اجلاس منعقد ہوا جس میں طے پایا کہ روس پاکستان سے آئی ٹی ٹیکنالوجی، سیف سٹی منصوبوں، آئی ٹی سینٹر اور دیگر شعبوں میں بھرپور تعاون کرے گا۔ ایم او یوز کے مطابق روس اور پاکستان اشیائے خورد و نوش کی درآمدات اور برآمدات بڑھائیں گے۔