احتجاج مؤخر کرنے کیلئے زین قریشی کی مشروط پیشکش، گنڈا پور سے بھی حکومت کا رابطہ
اسلام آباد+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی نے ڈی چوک کا احتجاج مؤخر کرنے کی مشروط پیشکش کر دی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما زین قریشی نے حکومت کو پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 26 ویں آئینی ترمیم کو مؤخر کر کے 23 اکتوبر سے آگے لے جائے۔ ہم بھی جلسے، جلوس اور دھرنے مؤخر کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے 6 قومی اسمبلی کے ممبران کو اٹھایا گیا۔ حکومت این او سی بھی دیتی ہے اور کنٹینر بھی لگا دیتی ہے۔ سپریم کورٹ نے فیصلہ جلد بازی اور عجلت میں سنایا۔ بنچ جلد بازی میں بنایا گیا۔ مرضی کا جج لگایا گیا۔ دو پیشی میں کیس بھگتایا گیا۔ پی ٹی آئی کا کوئی ممبر اپنی مرضی سے انہیں ووٹ نہیں دیتا۔ دریں اثنا آج کا احتجاج رکوانے کیلئے وفاقی حکومت نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گنڈا پور نے احتجاج کسی صورت منسوخ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر ظاہر شاہ طورو نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے سے وفاقی حکومت کے رابطوں کی تصدیق کردی۔ وفاقی حکومت کے رابطوں پر وزیراعلیٰ نے مشاورت کے لئے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بھی طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ تمام صورتحال پارٹی رہنماؤں کے سامنے رکھیں گے اور ان کی رائے لیں گے۔