• news

فلسطین کیساتھ اظہار یکجہتی ، پی پی کی جماعت اسلامی کو 7اکتوبر کے احتجاج میں شرکت کی یقینی دہانی 

اسلام آباد+ لاہور ( نمائندہ خصوصی+ خصوصی نامہ نگار+خبر نگار ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 7 اکتوبر کو جماعت اسلامی کے اسرائیل مخالف احتجاج میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے خواتین اور بچوں کو شہید کیا جارہا ہے، صورتحال پر پورے پاکستان کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کے وفد نے زرداری ہائوس میں ملاقات کی اور فلسطین مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔  اس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلمان دنیا میں کہیں بھی ہیں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 7 اکتوبر کو جماعت اسلامی کے احتجاج میں شریک ہوں گے، فلسطین اور لبنان کے بعد ایران کی طرف جنگ بڑھتی جارہی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلمانوں کی زمین پر قبضے کیلئے اسرائیل نے سازش اور مہم شروع کی، اسرائیل فلسطین پرقبضہ کرنا چاہتا ہے، 7 اکتوبر کا بہانہ بنا کر وہ گریٹر اسرائیل کے نظریے کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے پاکستان کے عوام ان کے سامنے کھڑے ہوجائیں گے۔ بلاول بھٹو نے  7 اکتوبر کو جماعت اسلامی کے احتجاج میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے پوری قوم سے متحد ہونے کی اپیل کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں کلچر ہے کہ سیاست کو نفرت میں تبدیل کردیتے ہیں، ایسے معاملات میں اختلافات کو بھلا کر ایک ہونا چاہیے۔چیئرمین پی پی نے حافظ نعیم الرحمان کو امیر جماعت اسلامی بننے پر مبارکباد دی۔ جبکہ  ،بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بلاول بھٹو اور ان کی ٹیم سے ملاقات ہوئی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بدقسمتی سے اسرائیل کو روکنے والا کوئی نہیں۔  7 اکتوبر کو غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو ایک سال ہوجائے گا۔ سیاسی اختلافات کے باوجود پاکستان کی تمام اپوزیشن اور حکومتی پارٹیوں کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ جاندار موقف اپنا کر 7اکتوبر کو سڑکوں آکر احتجاج کرنا چاہیے۔ انہوں نے بلاول بھٹو سے اپیل کی کہ وہ حکومت میں ہونے کے ناطے وزیراعظم شہباز شریف سے کہیں کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے پر 7اکتوبر کو حکومت کی جانب سے احتجاج کی کال دیں، جماعت اسلامی مکمل سپورٹ کرے گی، یہ مسئلہ کریڈٹ کا نہیں ہے، حسن نصراللہ کو اس وقت شہید کیا گیا جب اقوام متحدہ کا اجلاس جاری تھا، ثابت ہوگیا ہے کہ اقوام متحدہ بے بس ادارہ ہے اور اسرائیل کی کسی کو پروا نہیں۔ جماعت اسلامی ہفتہ یکجہتی فلسطین و لبنان منا رہی ہے، 6 اور 7 اکتوبر کو بالترتیب کراچی اور اسلام آباد میں ملین مارچز ہوں گے۔ جماعت اسلامی تمام سیاسی پارٹیوں کو ملین مارچز اور خصوصی طور پر اسلام آباد میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت کی دعوت دے رہی ہے۔ امیر جماعت اور  ا بلاول بھٹو  نے  اتقاق کیا کہ ملک کی تمام سیاسی پارٹیوں کو اہل فلسطین کے حق میں مشترکہ پلیٹ فارم سے آواز بلند کرنی چاہیے۔بعدازاں امیر جماعت نے سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور انہیں غزہ ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔ میڈیا سے گفتگو میں اتفاق کیا کہ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو یک زبان ہوکر فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔ حافظ نعیم الرحمن نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انھیں غزہ ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔

ای پیپر-دی نیشن