• news

ملائیشن وزیراعظم کی ملاقات، دو طرفہ تعاون پر اتفاق، صدر نے نشان پاکستان سے نوازا 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور ملائیشیا نے تجارت، معیشت، بنکنگ کے شعبے، فوڈ ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے باہمی اہمیت کے حامل امور پر تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ یہ بات ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو' سری انور ابراہیم کے درمیان ملاقات کے دوران کہی گئی۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی، رکن قومی اسمبلی بلاول بھٹو زرداری، وزیر تجارت جام کمال خان، سینیٹر شیری رحمٰن اور دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداران بھی موجود تھے۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے تعلقات کو ملائیشیا کے ساتھ بڑی اہمیت دیتا ہے اور وہ دو طرفہ تعاون کو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ صدر  مملکت نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی اور مظالم سے روکنے کے لیے اقدامات کرے۔ بعد ازاں، اعزاز دینے کے لئے ایک خصوصی   تقریب  منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کو اسلامی امور کی حمایت اور پاکستان کے بہترین دوست ہونے کے اعتراف میں نشانِ پاکستان سے نوازا۔ تقریب کے دوران اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم علامہ اقبال کے شیدائی ہیں اور ان کے کام کو اپنے لیے تحریک کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ اس تقریب میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزراء، مسلح افواج کے سربراہان، سفارتکار اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ صدر مملکت نے ملائیشیا کے وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ایک سرکاری ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔

ای پیپر-دی نیشن