• news

خصوصی افراد کیلئے ہمت کارڈلانچ کردیا ، دوسرے صوبوں پر حملہ آور ہونے کیلئے خرچ ہونے والا پیشہ خیبر پی کے میں عوام پر لگائیں مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) خاص افراد کیلئے خاص تحفہ، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ریکارڈ وقت میں چیف منسٹر ہمت کارڈ لانچ کر دیا۔ 65 ہزار نادار سپیشل افراد کو ہر سہ ماہی میں ساڑھے دس ہزار روپے ملے گا۔ وزیر اعلیٰ  نے سپیشل افراد کے لئے مخصوص ہمت کارڈ کو ٹریول کارڈ میں تبدیل کرنے اور سپیشل افراد کو ہیرنگ ایڈ، ویل چیئر اور مصنوعی اعضا بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مریم نواز نے کہاکہ سپیشل افراد کو دونوں ہاتھوں سے سلیوٹ پیش کرتی ہوں۔ سپیشل افراد اورنج لائن، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میٹرو بس میں بھی کارڈ کے ذریعے مفت سفر کرسکیں گے۔ 15اکتوبر سے پنجاب میں ہمت کارڈ کو سپیشل افراد ٹریول کارڈ کے طور پر استعمال کر سکیں گے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ہمت کارڈ کی تعداد 65 ہزار سے زیادہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ سپیشل افراد وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھ کر بھی ہمت کارڈ حاصل کر سکیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے چیف منسٹر ہمت کارڈ کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی۔ سپیشل افراد کو اگلی نشستوں پر اپنے ساتھ بٹھا لیا جبکہ صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری،سیکرٹریز اور افسران عقبی نشستوں پر بیٹھے۔وزیراعلی نے چیف منسٹر ہمت کارڈ پروگرام کے تحت سپیشل افراد میں ہمت کارڈ تقسیم کیے۔ مریم نے ہمت کارڈ لانچنگ تقریب سے خطاب  میں کہاکہ بیڈ پر موجود یا گھر سے نکل کر روزی کمانے کی سکت نہ رکھنے والے سپیشل افراد کو ہمت کارڈ دے رہے ہیں۔ سپیشل افراد ہم سب سے زیادہ ہمت رکھنے والے لوگ ہوتے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب او رسپیشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو لکھ کر سپیشل افراد ہمت کارڈ پروگرام میں شامل ہوسکتے ہیں۔ 3ماہ کے لئے ساڑھے 10 ہزار کی رقم بہت زیادہ نہیں بلکہ بہر حال کچھ نہ کچھ سہولت ضرور حاصل کرسکیں گے۔ سپیشل افراد کو درپیش آزمائش میں ان کے ساتھ ہوں جو ممکن ہوا کروں گی۔ بازؤں اور ٹانگوں سے محروم سپیشل نوجوان کی سکیچ بنانے کی صلاحیت دیکھ کر حیران رہ گئی۔ وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ عوام کو آج یہ سوچنے کی دعوت دیتی ہوں کہ ملک صرف مسلم لیگ ن کے دور میں ہی ترقی کرتا ہے۔ غریب اور مستحق کی دادرسی مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ہوتی ہے۔ معیشت مسلم لیگ ن کے دور میں ہی ترقی کرتی ہے۔ سڑکیں، اوور ہیڈ برج، انڈر پاسز، میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین بنتی ہے تو مسلم لیگ ن کا ہی دور حکومت ہوتا ہے۔ موٹرویز، ایکسپریس ویز، رنگ روڈ اور دیگر روڈ انفراسٹرکچر بنتا ہے تو وہ مسلم لیگ ن کا دور ہوتا ہے۔ روپیہ مستحکم اور مہنگائی مسلم لیگ ن کے دور میں ہی تیزی سے نیچے جاتی ہے۔ معیشت اورکاروبار مسلم لیگ ن کے دور میں ہی ترقی کرتے ہیں۔ ہر طبقے میں پاکستانیت مسلم لیگ ن کے دور میں ہی ابھر کر سامنے آتی ہے۔ پچھلے 4،5 سال میں نااہل اور نالائقوں کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے مہنگائی 38فیصد پر پہنچ گئی تھی۔ آج مسلم لیگ ن کے دور میں مہنگائی کی شرح 6.9 پر آ چکی ہے۔ پچھلے دور میں روٹی 25 روپے کی ملتی تھی، آج روٹی 14,15روپے میں مل رہی ہے۔ مسلم لیگ ن جادو کی چھڑی گھما کر ترقی نہیں کرتی بلکہ قوم کے مفاد اور عوام کی آسانیوں کے بارے میں سوچتی ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت مہنگائی میں کمی، سڑکوں کی تعمیر اور صفائی کے لئے کام کرتی ہے۔ خیبر پی کے میں کوئی دیکھنے والا نہیں اور روٹی 25روپے کی ہوگئی ہے۔ پاکستانی پہلے اور پنجابی بعد میں ہوں، خیبر پی کے  سمیت باقی صوبو ں کے عوام کے لئے بھی میرا دل دھڑکتا ہے۔ دوسروں کو کام سے روکنے، انتشار پھیلانے والے دراصل ذہنی مفلوج ہوتے ہیں۔ ہر روز نیا تماشا اور ڈرامہ کرنے سے مجھے فرق نہیں پڑتا لیکن عوام کی خدمت میں خلل آتا ہے، عوام کی خدمت میں خلل آنے کو عوام کا درد رکھنے والے ہی سمجھ سکتے ہیں۔ عوام کی زندگی مشکل بنانے والے دھرتی پر بوجھ ہیں۔ دوسرے صوبوں پر حملہ آور ہونے کے لئے خرچ ہونے والا پیسہ خیبر پی کے  کے عوام پر خرچ کریں۔ لاء  اینڈ آرڈر کی بحالی کے لئے ملنے والے شیل دوسرے صوبے کی پولیس پر برسائے جاتے ہیں۔ خیبر پی کے ہمارا ہے تو پنجاب بھی آپ کا ہے، پنجاب کے ہر شہر میں خیبرپی کے  سے لوگ آ کر کاروبار کر رہے ہیں۔سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب،وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری،صوبائی وزرا  سہیل شوکت بٹ، چوہدری شافع حسین، شیر علی گورچانی، فیصل کھوکھر، معاونین خصوصی ذیشان ملک اور راشد نصر اللہ، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،صدر پنجاب بنک، سیکرٹری سوشل ویلفیئرجاوید  اختر محمود، ڈی جی سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان،  سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ پنجاب پر حملہ کرنے والے دراصل اپنے ہی لوگوں پر حملہ کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق خصوصی اجلاس میں روڈا پراجیکٹس کی تکمیل اور جاری پراجیکٹس پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ روڈا کی اراضی پر تجاوزات روکنے کیلئے سپیشل پولیس فورس قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن