• news

شہباز شریف نے جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کیلئے بھرپور آواز اٹھائی:وزیراعظم ملائیشیا دورہ مکمل  واپس چلے گئے

 اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی  میں فلسطینیوں کے حق میں بھرپور آواز اٹھائی۔ پاکستان اور ملائیشیا معدنیات، خوراک، زراعت، توانائی اور آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔  پی ٹی وی کو ایک انٹرویو  میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کے حوالے سے بے پناہ مواقع ہیں۔ 70ء  کی دہائی میں پاکستان کی تعلیم، تحقیق اور سائنس کے شعبے میں صلاحیتیں غیر معمولی تھیں، ہم پاکستان کو معاشی صلاحیت اور تعلیمی شعبہ میں رول ماڈل کے طور پر دیکھتے آئے ہیں۔  علامہ اقبال کا بہت مداح ہوں، قائداعظم محمد علی جناح مدبر رہنما تھے۔ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان معدنیات، خوراک، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔ بدعنوانی سے پاک اور سازگار ماحول سے کاروبار کو فروغ ملتا ہے۔  ملائیشیا آئی ٹی، ڈیجیٹل اور سیمی کنڈکٹرز میں خطہ میں سب سے آگے ہے۔ شہباز شریف کے  ٹھوس مؤقف کو سراہتے ہیں۔  بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر سمیت جہاں بھی انسانی حقوق کی پامالی ہوتی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں۔ دنیا کو اقلیتوں کو ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنانی چاہئے۔ آسیان دنیا کا پرامن خطہ ہے، آسیان کا ڈائیلاگ پارٹنر بننے کیلئے ملائیشیا پاکستان کی حمایت کرے گا۔  وزیراعظم شہباز شریف کام کا جذبہ رکھتے ہیں، ہم مل کر اپنے عوام کے باہمی مفاد میں ایک دوسرے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ملائیشیا میں مقیم پاکستانی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستانی پروفیشنلز کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم کے دورہ پاکستان کو پاک ملائیشیا تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ملائیشیا سے تجارت کے فروغ سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ہم  ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے پاکستانی عوام اور حکومت کیلئے نیک خواہشات کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے  پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اپنا تین روزہ دورہ پاکستان مکمل کرکے ملائیشیا روانہ ہوگئے۔  وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں۔ ملائیشیا کے وزیراعظم سے پاک ملائیشیا تعلقات کی مزید مضبوطی پر اتفاق ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک ملائیشیا بزنس فورم میں دونوں ممالک کے مابین تجارت کے فروغ پر مثبت پیشرفت ہوئی۔ پاکستان کی ملائیشیا سے تجارت کے فروغ سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم کا دورہ پاکستان پاک۔ ملائیشیا تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوا۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ  پاکستان سے ملائیشیا کو پراسیسڈ گوشت اور چاول کی برآمدات میں اضافہ اور طریقہ کار کو سہل بنایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن