• news

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس، بھارتی وزیرخارجہ شرکت کرینگے

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارت پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کرے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر ایس سی او سمٹ میں شرکت کیلئے پاکستان جائیں گے اور 15 ،16 اکتوبر کو سمٹ میں شرکت کریں گے، جے شنکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں دو طرفہ ملاقاتوں سے متعلق تفصیلات کچھ دنوں میں بتائی جائیں گی۔ واضح رہے پاکستان نے بھارت کو ایس سی او سربراہان سمٹ میں شرکت کیلئے دعوت نامہ بھیجا تھا تاہم بھارت نے اپنا وفد پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا تھا کہ اجلاس میں بھارت آن لائن شریک ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی کو بھی دعوت نامہ بھجوایا گیا ہے تاہم ہمیں کچھ ممالک سے اجلاس میں شرکت کی تصدیق موصول ہوئی ہے۔ وقت آنے پر آگاہ کیا جائے گا کہ کس کس ملک نے تصدیق کی ہے۔ علاوہ ازیں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فوج آرٹیکل 245 کے تحت ایس سی او سمٹ کے دوران سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالے گی اور فوج ایس سی او سمٹ کے دوران اسلام آباد میں 17 اکتوبر تک تعینات رہے گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فوج کی تعیناتی 5 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک ہوگی۔ اسلام آباد کی سکیورٹی کی ذمہ داری فوج کے حوالے ہوگی اور پولیس سمیت دیگر ادارے ان کی معاونت کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں کئی ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن