• news

آرمی چیف کی ملائیشین وزیراعظم سے ملاقات، سٹرٹیجک دفاعی علاقائی، دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ سٹریٹجک مفادات، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور ملائیشین وزیراعظم کی ملاقات میں پاکستان، ملائشیا دوطرفہ تعلقات بالخصوص فوجی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم نے علاقائی امن و استحکام میں افواج پاکستان کے کردار اور دہشتگردی سے جنگ میں بھی پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشتگردی سے جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ ملائیشین وزیراعظم انورابراہیم نے آرمی چیف کو ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی جس پر آرمی چیف نے ان کا شکریہ ادا کیا جب کہ ملاقات میں اس بات کا اظہار کیا گیا کہ دورے سے دونوں ممالک اور فوج کے درمیان پائیدار اور تاریخی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایوان صدر میں ملائیشیا کے وزیر اعظم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن