• news

شمالی وزیرستان: آپریشن، لیفٹیننٹ کرنل، 5 جوان شہید، 6 خوارج ہلاک، شہدا کی نماز جنازہ میں آرمی چیف کی شرکت

راولپنڈی؍ اسلام آباد؍ پشاور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ بیورو رپورٹ+ نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق 4/5 اکتوبر کی شب ضلع شمالی وزیرستان کے جنرل ایریا سپن وام میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فورسز کی موثر کارروائی کے نتیجے میں چھ خوارج واصل جہنم ہو  گئے تاہم فائرنگ کے سخت تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت (عمر 43 سال ساکن ضلع فیصل آباد) ایک بہادرآفیسر نے فرنٹ سے جوانوں کی قیادت کرتے اور دلیری سے لڑتے ہوئے اپنے پانچ جوانوں کے ہمراہ جام شہادت نوش کیا۔ شہادت کے اعلیٰ مقام پر فائز ہونے والے بہادر سپاہیوں میں لانس نائیک محمد اللہ (عمر  31سال ساکن ضلع خیبر)، لانس نائیک اختر زمان (عمر 30 سال ساکن ضلع لکی مروت)، لانس نائیک شاہد اللہ (عمر 29 سال ساکن ضلع ٹانک) اور لانس نائیک یوسف علی (عمر 31 سال ساکن ضلع اورکزئی)، سپاہی جمیل احمد (عمر 26 سال ساکن سوات) شامل ہیں۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق ایریا میں کسی بھی خوارج کا پتہ چلانے اور اس کے خاتمے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے ناسور کا صفایا کرنے کیلئے عہد کئے ہوئے ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم و ارادے کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں فتنتہ الخوراج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید (عمر: 43 سال، ساکن ضلع فیصل آباد)،  لانس نائیک محمد اللہ شہید (عمر: 31 سال، ساکن ضلع خیبر)، لانس نائیک اختر زمان شہید (عمر:30 سال، ساکن ضلع لکی مروت)، لانس نائیک شاہد اللہ شہید (عمر: 29 سال، ساکن ضلع ٹانک)، لانس نائیک یوسف علی شہید (عمر: 31 سال، ساکن ضلع اورکزئی) اور سپاہی جمیل احمد شہید (عمر 26 سال ، ساکن ضلع سوات) کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، سینئر حاضر سروس فوجی اور سول حکام، جوانوں اور شہداء کے عزیز و اقارب کی شرکت۔ شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے جہاں انھیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ ہمارے شہداء کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہمارے عزم وحوصلے کو دوام بخشتی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور 5 جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور 5 جوانوں نے قوم کے محفوظ مستقبل کے لئے اپنی جانیں وطن پر نچھاور کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور دیگر شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  شمالی وزیر ستان کے علاقے سپن وام میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد شوکت، لانس نائیک محمد اللہ، لانس نائیک اختر زمان، لانس نائیک شاہد اللہ، لانس نائیک یوسف اور سپاہی جمیل احمد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے شہداء کی بلندیء درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ صدر مملکت آصف زرداری، بلاول بھٹو، حمزہ شہباز شریف نے بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادر وطن کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے مشن میں پاک فوج کی قربانیوں کو سلام۔ پاکستان کی سلامتی کیلئے بہادر افواج دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن