پولیس، فوج، رینجرز کا امن میں کردار، دھاوا ناکام بنایا: شہباز شریف
لاہور+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی مظاہرین کے پتھراؤ سے اسلام آباد پولیس کے اہلکار کی شہادت پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ احتجاج کی آڑ میں تشدد کا راستہ اپنایا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس کے اہلکار عبد الحمید کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ شہید اہلکار کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسی سیاسی جماعت نے ماضی میں سرکاری ٹی وی کی عمارت پر حملہ کیا اور پارلیمنٹ ہاؤس کا گیٹ توڑا۔ وزیراعظم نے واقعہ میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو اسلام آباد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے اسلام آباد کی امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ، اسلام آباد انتظامیہ، اسلام آباد پولیس کی ستائش کی۔ اسلام آباد پر دھاوے کو ناکام بنانے پر اسلام آباد پولیس نے شاندار کردار ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پاک فوج، پنجاب پولیس اور رینجرز کے دستوں نے بھی اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کانسٹیبل حمید شاہ نے عوام کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائیں، قوم یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، شہید کے اہل خانہ کا مکمل طور پر خیال رکھا جائے، اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کے حفاظت کو یقینی بنایا گیا، صورتحال تیزی سے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے، معیشت کی ترقی اور مملکت خداداد کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی، دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی معترف ہے، سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں، پاکستان کی معیشت کے حوالے سے کسی کو غیر قانونی طور پر عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے۔ آنے والے دنوں میں پاکستان میں ہونے والی بین الاقوامی تقاریب معمول کے مطابق ہوں گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی کے بہترین اور اعلیٰ معیار کے انتظامات کیے جا رہے ہیں جس پر پوری توجہ ہے، اہم شاہراہیں ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہیں، صورتحال تیزی سے معمول پر آ رہی ہے۔ سری لنکا میں قید 56 پاکستانی قیدی آج وطن واپس پہنچیں گے۔ عبد العلیم خان سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے تمام اخراجات برداشت کریں گے۔ وزیراعظم نے سری لنکا سے قیدیوں کی واپسی کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر نجکاری کی کوششوں کی تعریف کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی کوہ پیما سرباز خان کو دنیا کی تمام بلند ترین چوٹیاں سر کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو سرباز خان کے شاندار کارنامے پر فخر ہے۔ اتوار کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ سرباز خان وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے دنیا کی تمام 14 بلند چوٹیوں کو سر کیا ہے، یہ کامیابی سخت مشکل حالات میں سرباز خان کے بھرپور عزم کا اظہار کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ سرباز خان کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ان کا یہ کارنامہ نئی نسل کے کوہ پیمائوں کے لئے ترغیب ہے۔
اسلام آباد ( خبرنگار خصوصی ) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مجھ سمیت آج پوری قوم اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا دن منا رہی ہے،7 اکتوبر کو فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و بربریت کی نئی لہر کو شروع ہوئے پورا ایک برس بیت چکا، عالمی قوتوں، بین الاقوامی اداروں، سلامتی کونسل کی قرادادوں اور بین الاقوامی عدالت کا تمسخر اڑاتے ہوئے اسرائیل اب تک بچوں، بوڑھوں اور عورتوں سمیت41 ہزار نہتے فلسطینیوں کا قتل عام، لاکھوں کو زخمی اور بے گھر کر چکا ہے، غزہ اس وقت بدترین بمباری کے بعد کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے اور اس پر عالمی قوتوں کی خاموشی اتنی ہی قابل مذمت اور تشویشناک ہے جتنے اسرائیل کے مظالم۔جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے یومِ یکجہتی فلسطین کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔وزیراعظم نے کہاکہ اسرائیلی دہشت گردی 7 اکتوبر 2023 سے نہیں بلکہ گزشتہ سات دہائیوں سے جاری ہے، اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی اب نہ صرف غزہ اور فلسطین بلکہ خطے کے دوسرے ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی ایسی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کی بجائے عالمی قوتوں نے اس کا ساتھ دیا تو پوری دنیا کو اس کے نا قابلِ تلافی نقصانات اٹھانا پڑے۔ وزیراعظم نے کہاکہ آج کے دن میرا عالمی برادری کو پیغام ہے کہ اسرائیل کے ظلم و ستم اور نسل کشی کو اگر نہ روکا گیا تو یہ خطے کے امن کو تباہ کرکے ایسے کشیدہ حالات پیدا کر سکتی ہے جس کے منفی نتائج سے دنیا کا کوئی ملک متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے گا۔ وزیرعظم شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان اپنے بانی، حضرتِ قائد اعظم محمد علی جناح کی پیروی کرتے ہوئے نہ صرف ظلم و جبر اور غیر قانونی غاصبے کی بنیادوں پر کھڑی اسرائیلی ریاست کو تسلیم نہیں کرتا۔ پاکستان اسرائیلی ظلم و جبر کے شکار نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی مدد جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان نے نہ صرف اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں تک امداد پہنچائی، بلکہ میڈیکل کے ایسے فلسطینی طلبا جن کی کشیدہ حالات کی بنا پر تعلیم رک گئی انکو پاکستانی کالجز میں تعلیم کی سہولت یقینی بنا رہا ہے۔ اس کڑے وقت میں اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، آج جب ہم پاکستان میں قومی سطح پر یوم یکجہتیِ فلسطین منا رہے ہیں، میرا پوری دنیا کو یہ پیغام ہے کہ فلسطینیوں کا قتلِ عام روکنے کیلئے عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔