• news

قوم شہدا اور ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کریگی، صدر: شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی کے گھر آمد، تعزیت

اسلام آباد + فیصل آباد (خبر نگار خصوصی + نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری  اتوار کو فیصل آباد میں شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی کی رہائش گاہ پر گئے اور   شہید کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق  صدر مملکت نے شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور شہید کے لیے فاتحہ خوانی کی اور بلندی درجات کے لئے دعا کی۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی گزشتہ دن شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہو گئے تھے۔ صدر مملکت نے  قوم کی جانب سے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شہید کی خدمات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شہید اور ان کے خاندان کی وطن سے محبت اور جذبہ ایثار کو سراہا اور کہا کہ  پوری قوم شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ  قوم اپنے شہداء اور ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی۔ صدر مملکت نے شہید کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور صبر جمیل کی دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن