• news

یوم یکجہتی فلسطین جماعت اسلامی ، پیپلزپارٹی وکلاء کے مظاہرے ، خواتین ، بچوں کی ریلیاں 

لاہور+ اسلام آباد+ حافظ آباد+ گوجرانوالہ+ ننکانہ (خصوصی نامہ نگار+ خبر نگار+ لیڈی رپورٹر+ نمائندگان) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا۔ غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور دہشت گردی کا ایک سال مکمل ہونے پر مختلف شہروں میں نکالے جانے والی ریلیوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء میں خواتین و بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ امیرجماعت حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں ہونے والے غزہ مارچ کی قیادت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کو طوفان الاقصیٰ آپریشن کا ایک سال مکمل ہو گیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ مسلسل اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا شیعہ سنی کی تفریق کے بغیر امت کو متحد ہونا ہو گا۔ اسرائیل کے میزائل لبنان پر شیعہ سنی کی تفریق کیے بغیر گر رہے ہیں۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور کاشف چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء سیکرٹری جنرل امیرالعظیم ، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی، مشیر امیر جماعت ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، امیر جماعت وسطی محمد جاوید قصوری، سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ڈاکٹر حمیرا طارق، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے ملتان روڈ پر یکجہتی فلسطین ریلی کی قیادت کی۔ نائب امیر لیاقت بلوچ نے راولپنڈی میں ہونے والے مظاہرے کی قیادت کی اور خطاب کیا۔ نائب امیر ڈاکٹر عطاء الرحمن نے مردان میں مدارس کے طلبہ کی فلسطین یکجہتی تقریب سے خطاب کیا۔ ملتان میں  مظاہرہ سے امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی رائو محمد ظفر نے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، ایم پی اے محمد فاروق فرحان نے کراچی، امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی نے کوئٹہ میں خطاب کیا۔ جنرل سیکرٹری کے پی کے عبد الواسع نے چار سدہ میں مظاہرے کی قیادت کی۔ صاحبزادہ ہارون نے باجوڑ، عبد الرزاق عباسی نے ایبٹ آباد، مولانا تسلیم نے کرک میں مظاہروں کی قیادت کی۔ لکی مروت، لوئر دیر، ڈیرہ اسماعیل خان میں مارچز منعقد کیے گئے۔ شانگلہ، مالا کنڈ اور مردان میں بھی اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ شہباز چوک میں قومی یکجہتی فلسطین وغزہ کیمپ لگایاگیا، جماعت اسلامی کے ضلعی عہدیداروں، کارکنوں اور شہریوں سمیت پیپلز پارٹی نے بھی شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وزیرآباد کے زیر اہتمام فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی، جماعت اسلامی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی غزہ فلسطین موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔ سرگودھا میں اظہارِ یکجہتی فلسطین دن منایا گیا، واک کا اہتمام کیا گیا۔ بہاولپور میں جماعت اسلامی خواتین‘ جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی بہاولپور کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی۔ حافظ آباد میں نجی سکول کے طلبہ نے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی گوجرانوالہ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں صدر پیپلز پارٹی سٹی میاں ودود حسن ڈار نے پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت کی اور امیر جماعت اسلامی ضلع گوجرانوالہ مظہر اقبال رندھاوا نے جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت کی۔ جنرل سیکرٹری پی پی خالد باجوہ نے بھی خطاب کیا۔ مرکزی مسلم لیگ نے ملک کے چھ بڑے شہروں میں فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے مظاہرے کیے۔ کراچی، حیدرآباد، گوجرانوالہ ،  گجرات اور بہاولنگر میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے مظاہروں میں شرکت کی۔ کراچی میں سکول کے بچوں نے غزہ کے مظلوم بچوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ گوجرانوالہ، حیدرآباد اور گجرات میں یکجہتی فلسطین کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔ بہاولنگر میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے  مظاہرہ کیا گیا۔ گوجرانوالہ  میں  مرکزی صدر صدر خالد مسعود سندھو،  سیف اللہ خالد، طلحہ سعید، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، ہشام الہٰی ظہیر، سید ضیاء  اللہ شاہ بخاری، پیر سید ہارون علی گیلانی و دیگر نے اسرائیل کی جارحیت کی بھرپور مذمت کی۔ خالد مسعود سندھو نے کہا کہ گریٹر اسرائیل کے گھناؤنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اسرائیل اپنے  تمام ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔  پاکستان  میں دہشت گردی اور عدم استحکام اسی سازش کی ایک کڑی ہے۔ دشمن نہیں چاہتا کہ پاکستان مضبوط ہو اور مسئلہ فلسطین کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ ممبر سینٹرل ایگزیکٹو پیپلز پارٹی چودھری اسلم گل اور این اے 127ٹاون شپ مین بازار میں فیصل میر کے زیر اہتمام یوم یکجہتی فلسطین  ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔ شرکاء نے اسرائیل کیخلاف بھر پور نعرے بازی کی اور اسرائیل کا پرچم بھی نذر آتش کیا۔گلبرگ تھری میں چودھری اسلم گل کی قیادت میں ایم بلاک سے ریلی نکالی گئی۔ صداقت شیروانی، چودھری ریاض جٹ، رانا اشعر نثار، عائشہ غوری، چودھری حیدر جٹ، نصیر احمد، عارف خان، عمر ایاز سمیت دیگر نے شرکت کی جبکہ مین بازار ٹاؤن شپ میں نکالی جانے والی ریلی میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی تصاویر پر جوتے مارے گئے۔ ہائیکورٹ جی پی او چوک میں وکلاء نے مظاہرہ کیا۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیر اہتمام پی ایم جی چوک میں "سٹوڈنٹس غزہ ملین مارچ"  کیا گیا۔ قیادت حافظ ساجد محمود ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور نے کی۔ مارچ کے اختتام پنجاب اسمبلی کے سامنے ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ حسن بلال ہاشمی، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری اور قیصر احمد راجہ نے خطاب کیا۔ جماعت اسلامی  ننکانہ کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی جس میں مختلف جماعتوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ بچیکی میں تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بھی یکجہتی فلسطین احتجاجی مظاہرہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن