میانوالی سی ٹی ڈی کی کارروائی ، 7دہشت گردساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
میانوالی +سرگودھا +دائودخیل (نمائندہ نوائے وقت +نمائندہ خصوصی +این این آئی) میانوالی کے علاقے مکڑوال میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے دہشت گردوں نے میانوالی میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رکھا تھا ۔ پنجاب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے میانوالی کے علاقہ مکڑوال کے قریب کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک کر دیے سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ مکڑوال کے قریب کچھ دہشت گرد میانوالی میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے ہیں سی ٹی ڈی سرگودھا نے مقدمہ درج کر کے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سپیشل اپریشن شروع کر دیا سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر میانوالی کے علاقہ مکڑوال کے قریب کارروائی کی اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے، جب کہ 8 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے سی ٹی ڈی نے عسکریت پسندوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 7 کلاشنکوف ، گولیاں ، 6دستی بم بھی برآمد کیے، دہشت گردوں نے میانوالی میں بڑے پیمانے پر دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا انہوں نے کہا کہ ان کی شناخت کا عمل جاری ہے اور مزید تفتیش جاری ہے اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سپیشل سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ترجمان نے مزید کہا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب تندہی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔