سعودیہ نے آئی ایم ایف پروگرام میں مدد کی، پاکستانی کبھی نہیں بھولیں گے: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ دونوں عظیم ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب دوستی کے طویل بندھن سے بندھے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب نے حال ہی میں آئی ایم ایف کے پروگرام میں پاکستان کی مدد کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں کنگ سلمان ہیومنٹیرین اینڈ ریلیف سنٹر کے زیر اہتمام پاکستان میں تعلیم، صحت، بحالی و ترقیاتی منصوبوں اور خدماتی سہولیات کیلئے مشترکہ تعاون کے پروگراموں اور عملدرآمدی معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور دیگر بھی موجود تھے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کثیر الجہتی فورمز پر تعاون قائم ہے، شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک تعاون کو بڑھائیں گے، کنگ سلمان ہیومنٹیرین اینڈ ریلیف سنٹر اور سعودی عرب کی حکومت نے پاکستان کے عوام کی ہمیشہ مدد کی ہے جس کو پاکستان کے عوام کبھی نہیں بھولیں گے۔ سعودی عرب کا ایک تجارتی وفد سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان کے دورے پر آ رہا ہے۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اس اہم تقریب میں شرکت کو باعث اعزاز قرار دیا اور کہا کہ شاہ سلمان اور شہزادہ اور وزیراعظم محمد بن سلمان دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو آگے بڑھانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ اسسٹنٹ سپروائزر جنرل کنگ سلمان ہیومنٹیرین اینڈ ریلیف سنٹرانجینئر احمد علی عبداللہ الباعث نے سعودی عرب کی پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف سنٹر کی بنیاد 2015 میں رکھی گئی، اس کے تحت تین ہزار سے زائد منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی مالیت 7 ارب ڈالر ہے۔ پاکستان میں صحت و تعلیم سمیت مختلف شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں جن پر 14 ملین ڈالر کی رقم خرچ کریں گے۔