سیاسی آلودگی ملک برباد کر دیتی، بھارتی پنجاب سے موسمیاتی ڈپلومیسی شروع کرنی چاہئے: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے چیف منسٹر کلائمیٹ لیڈرشپ انٹرن شپ پروگرام لانچ کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان کی پہلی سموگ ہاٹ لائن ''1373'' اور پہلی'' گرین پنجاب ایپ'' کا افتتاح بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ترقیاتی پراجیکٹ میں ایک فیصد فنڈ شجر کاری کیلئے یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔ کلائمیٹ چینج لیڈرشپ انٹرن شپ پروگرام کا اعزازیہ 25ہزار سے بڑھا کر 60ہزار کرنے کا اعلان کیا اور روڈز کی تعمیرو مرمت کے دوران اطراف میں درخت لگانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پنجاب کے سکولوں میں 15 اکتوبر تا 15نومبر سموگ کا تھیم متعارف کرانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انڈین پنجاب کے ساتھ کلائمیٹ ڈپلومیسی شروع کرنی چاہئے۔ سموگ کے اثرات دونوں اطراف میں یکساں ہیں تو خاتمے کیلئے پاکستان اور انڈین پنجاب کو یکساں اقدامات کا آغازکرنا چاہیے۔ بٹن دبانے سے نہیں بلکہ سموگ اجتماعی کاشوں سے ختم ہوگی۔ ہر فرد کو سموگ کے خاتمے کی اہمیت کا علم ہونا چاہیے۔ پنجاب میں میرا بنیادی ویژن یوتھ ڈویلپمنٹ ہے۔ انٹرنی کو 25ہزار دینے کا بتایا گیا تو احساس ہوا کے بہت کم ہے۔ 60ہزار بھی انٹرن شپ پروگرام کیلئے کم محسوس ہوتے ہیں۔ پنجاب کے مختلف اضلاع سے آنے والے انٹرنس کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔ انٹرن شپ کے بعد بچوں کیلئے جاب سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ دوسرے ڈپارٹمنٹس میں نوکری کیلئے جاب لنک فراہم کرنا بھی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ماضی میں ماحولیات کے محکمے کو متروکہ ڈیپارٹمنٹ کے طورپر ٹریٹ کیا جاتا تھا۔ جیل میں ڈیتھ سیل سے باہر آنے پر سبزے کی اہمیت کا بہت احساس ہوا۔ انٹرنس نہ صرف ماحول کو بہتر بنائیں گے بلکہ شہروں کو ماحولیاتی طورپر محفوظ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب اور ان کی ٹیم نے میری توقعات سے بڑھ کر کام کیا۔ میں کل کروں گی، پرسوں کروں گی والی بات نہیں کرتی، جب کام مکمل ہوتا ہے تو عوام کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔ الحمدللہ، پنجاب حکومت ہر روز ایک نیا پراجیکٹ لانچ کرتی ہے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ نوازشریف کی بیٹی ہوں جنہوں نے کبھی عوام سے جھوٹا وعدہ نہیں کیا۔ نوازشریف نے جو وعدہ کیا ہمیشہ نبھایا۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے بغیر قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے بغیر ترقی کا سوچنے والوں کو جاہل ہی سمجھا جاسکتا ہے۔ جانوروں پر ظلم کرنا غیر مہذب اقوام کا شیوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جانوروں پر ظلم کے واقعات سامنے آنے پر فوری ایکشن ہوتا ہے۔ پنجاب میں گدھے کی ٹانگ کاٹنے والے کو پکڑ کر جیل میں ڈال دیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ایئرکوالٹی انڈیکس میں بہتری آرہی ہے۔ سموگ اکتوبر سے فروری تک نہیں بلکہ سال بھر رہتی ہے۔ اینٹوں کے بھٹوں سے نکلنے والے کالے دھویں پر وارننگ دی گئی اور وارننگ کے بعد خلاف ورزی پر گرا دیا گیا۔ کسی کا روزگار خراب نہیں کرنا چاہتے مگر ماحول خراب کرنے والوں کے خلاف دل پر پتھر رکھ کر کارروائی کرنا پڑتی ہے۔ چربی پگھلانے والے کارخانوں سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پیدا ہوتی ہے بلکہ لوگوں کو زہر پلایا جارہا ہے۔ پولیٹیکل پلوشن نظر نہیں آتی مگر ملک کو برباد کر دیتی ہے۔ احتجاج، گھیراؤ، جلاؤ غلط روایات ہیں۔ اب مہنگائی 38 سے 9فیصد پر آئی ہے تو اس کے لئے کام کرنا پڑتا ہے۔ کرسی پر بیٹھ کر ہر لمحہ لوگوں کیلئے کچھ کرنے کا سوچتی ہوں۔ نئی نسل کے لئے مواقع سے بھر پور پنجاب بنانا چاہتی ہوں تاکہ روزگار کے لئے باہر نہ جانا پڑے۔ مہنگائی کم ہورہی ہے تو احتجاج کیلئے خیبر پی کے سے لانا پڑتا ہے۔ احتجاج میں پنجاب اور اسلام آباد پولیس پر حملہ کرنے و الے خیبر پی کے کے پولیس اہلکار پکڑے گئے۔ شہید ہونے والا پولیس اہلکار کسی کا باپ اور کسی کا بیٹا تھا، اس کا کیا قصور ہے۔ کیا یہ قوم کے بیٹے اس لئے ہیں کہ آپ کا احتجاج روکتے ہوئے جان سے چلے جائیں۔ ملائیشیا کے پرائم منسٹر آئے اور اب ایس سی او شروع ہونے والی ہے تو اب پاکستان کا کون سا چہرہ دکھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایک صوبہ پورے سازوسامان کے ساتھ وفاق پر حملہ آور ہورہا ہے۔ مہنگائی کم ہونے سے ان کی سیاست دفن ہو رہی ہے۔ سیاسی مخالفت اپنی جگہ ملک ترقی کررہا ہے مجھے چاہیے کہ میں چپ کر کے بیٹھ جاؤں۔ کسی کے کام کرنے سے غریب کی زندگی میں سہولت آرہی ہے، نہ خود کام کرتے ہیں اور نہ دوسروں کو کام کرنے دیتے ہیں۔ سیاسی سموگ پھیلانے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، عوام نے کوئی رسپانس نہیں دیا۔ عوام کو ریلیف ملتا ہے تو اس قسم کے لوگوں کو کوئی گھاس نہیں ڈالتا۔ کچھ بھی ہوجائے ہمیں ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دینی چاہیے۔ سب کو ترقی کرتا ہوا، پھلتا پھولتا پنجاب نظر آئے گا۔ پہلی مرتبہ تعلیم کے لئے چالیس ارب روپے کا سکالرشپ شروع کیا۔ یونیورسٹی میں داخلہ ہوجائے تو مالی استطاعت نہ ہونے کی صورت میں حکومت فیس ادا کرے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے موبائل ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سٹیشن کا معائنہ کیا۔ مریم نواز شریف تقریب میں اپنی نشست کی بجائے انٹرن کے درمیان بیٹھ گئیں۔ پہلی مرتبہ 90 شاہراہ قائد اعظم کے مرکزی میٹنگ روم کو ماحول سے مطابقت رکھتے ہوئے پودوں سے سجایا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے رئیر ایڈ مرل اظہر محمود کی سربراہی میں پاکستان نیول وار کالج کے وفد نے ملاقات کی۔ 118رکنی وفد میں پاکستان نیوی کے علاوہ 16 دوست ممالک کے افسر بھی شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم انیشیٹو کے بارے میں خود بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تما م پراجیکٹ اور پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مثبت تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں، خوشحال پنجاب ہماری منزل ہے۔ عوام کو خوش دیکھنا میرے لئے ایوارڈ کے مترادف ہے۔ خلوص نیت کے ساتھ کی جانے والے ہر کوشش کامیابی سے ہمکنارہوتی ہے۔بے سود میٹنگ کلچر کی بجائے عمل پر یقین رکھتی ہوں۔ ایگریکلچرل میکانائزیشن سے کاشتکاروں کو نئی ٹیکنالوجی سے متعارف کرایا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس یونیورسٹی کا آغاز جلد کررہے ہیں۔ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے سرخ فیتہ کلچر ہٹارہے ہیں۔ گورنمنٹ سکیموں میں لاکھوں کاشتکاروں کا اپلائی کرنا حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ ٹیکنالوجی کے ذریعے آگے بڑھنے کی راہیں تلاش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنفی مساوات پر یقینی رکھتی ہوں۔ پنجاب کو خواتین کے لئے محفوظ ترین بنانا چاہتی ہوں۔ افراط زر کا 38فیصد سے 6.9 پر آنا عوام کے لئے خوشی کی نوید ہے۔ پاکستان کی معیشت میں بہتری کے آثار تیزی سے نمایاں ہورہے ہیں۔ پنجاب میں ای گورننس کا کنسپٹ متعارف کرا چکے ہیں۔ تعلیم اور صحت ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور پنجاب کا ہر شہری حکومت پنجاب کا سٹیک ہولڈر ہے۔ کامیابی کی بہت سے سٹوریز آچکی ہیں، بہت سی مزید آرہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے سموگ میٹیگیشن اینڈ کلائمیٹ ریزیلینس کا پہلا اجلاس ہوا۔ جس میں سموگ کے خاتمے کیلئے کلائمیٹ ڈپلومیسی کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب نے سموگ میں کمی اور خاتمے کے جامع پلان کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو سموگ فیکٹرز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے عمل سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انڈسٹری میں نصب کیمروں سے کنٹرول روم دھواں چھوڑنے والی فیکٹریز کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ مریم نواز شریف نے عالمی یومِ ڈاک پر اپنے پیغام میں ہے کہا ہے کہ عالمی یوم ڈاک پر محکمہ ڈاک کے ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے عارف والا میں بیٹے کا بوڑھی والدہ پر تشدد کا نوٹس لے لیا اور واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز شریف نے نامور کوہ پیما شہروز کاشف کو 8 ہزار میٹر بلند 14 چوٹیاں سرکرنے کا ریکارڈ قائم کرنے پر مبارکباد دی ہے۔