• news

سعودی سرمایہ کار وفد پاکستان پہنچ گیا، اہم معاہدے متوقع، وزیراعظم وفد کے اعزاز میں عشائیہ دینگے

اسلام آباد+ فیصل آباد  (خبرنگارخصوصی+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ )  پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے سعودی عرب کا اعلی سطح کا وفدتین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا ہے،  سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح وفد سمیت سرکاری دورے پر پہنچے، تو نور خان ایئر بیس پر وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ و نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے اعلی حکام کے ہمراہ ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس دورے میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تجارتی و سرمایہ کاری کے باہمی معاہدوں اور اہم یادداشتوں پر بھی دستخط ہوں گے۔ سعودی وزیر خالد بن عبدالعزیز کے ساتھ 130 سرمایہ کار بھی اسلام آباد آئے ہیں۔ سعودی وفد کا استقبال  وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک کے کیا  دیگر وزراء بھی موجود تھے۔ جبکہ وزارت خارجہ کی جانب سے سرمایہ کاری کے مختلف معاہدوں پر دستخط کیلئے وفد کی پاکستان مصروفیات کا شیڈول طے کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم آج سعودی وفد کے اعزاز میں نجی ہوٹل میں عشائیہ دیں گے جبکہ سعودی وفد کیلئے عشائیہ میں وفاقی وزرا کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ سعودی وفد 11 اکتوبر کو نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کرے گا۔ اس کے علاوہ عسکری حکام سے بھی سعودی وفد کی ملاقاتیں بھی 11 اکتوبر کو متوقع ہیں۔ وزارتی سطح پر سعودی وفد کیساتھ رانڈ ٹیبل میٹنگز بھی ہوں گی۔ اس کے علاوہ وفد کیساتھ پلینری سیشن، سیکٹورل بریک آٹ سیشن، بزنس ٹو بزنس سیشن ہو گا۔ ذرائع کے مطابق مختلف سیشنز میں وزارت توانائی، پٹرولیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ سیکیورٹی، کمیونیکیشن ڈویژن کے حکام شامل ہونگے۔صنعت وپیداوار اور سروسز سیکٹر کے لوگ بھی شامل ہوں گے ۔  مختلف سیشنز کے اختتام پر سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح پاکستان میں قیام کے دوران صدرمملکت اور وزیر اعظم سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ ان کے بزنس کمیونٹی سے بھی اہم اجلاس ہوں گے۔ دوسری طرف وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا، جس میں کابینہ کمیٹی نے انڈپینڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹرکی تشکیل کی اصولی منظوری دے دی۔ جس کی وفاقی کابینہ سے توثیق کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے،  ایس آئی ایف سی  اور مختلف ممالک  کے ساتھ  ایم او یوز ، معاہدون کی منظوری دی جائے گی ۔ آئی ایس ایم او کو کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت ایس ای سی پی سے رجسٹر کیا جائے گا۔ آئی ایس ایم او حکومت کے ملک میں بجلی کے واحد خریدار کے کردار کو بتدریج ختم کرکے بجلی کی مارکیٹ کو ملٹی پلیئر انڈپینڈنٹ مارکیٹ میں تبدیل کر دے گا۔ اس ادارے کے ذریعے پاکستان میں بجلی کی ایک موثر اور شفاف مسابقتی مارکیٹ قائم کی جائے گی۔ اس نظام سے بجلی کے صارفین کو تقسیم کار کمپنیوں کے علاوہ دیگر سپلائرز سے بجلی خریدنے کی سہولت فراہم ہو سکے گی ،  آئی ایس ایم او کے قیام سے بجلی کے شعبے میں گردشی قرضے اور بجلی کے نرخوں میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی جبکہ آئی ایس ایم او کے بورڈ میں بجلی کے شعبے کے ماہرین کی شمولیت یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بجلی شعبے کی اصلاحات کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، بجلی شعبے میں چوری اور نقصانات کو کم کرنے کے لیے اقدامات تیز اور مؤثر بنائے جائیں۔وزیرِاعظم نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے، بجلی شعبے کی اصلاحات اور چوری کے سدباب کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ ادھر  وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک  جنگ جاری رکھیں گے، ملکی سلامتی کے لئے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ شہبازشریف نے شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید کے فیصل آباد میں آبائی گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کے شہدا مجھ سمیت پوری قوم کا فخر اورہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ملکی سلامتی کے لئے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔ پاکستانی قوم اپنے شہدااور ان کیاہل خانہ کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔   وزیراعظم نے کہاکہ سکیورٹی فورسز نے   دہشت گردوں  کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید نے جان کی پروا ہ کئے بغیر دشمن کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔  انہوں نے ہمارے کل کے لئے اپنا آج قربان کیا اور  وطن سے وفا کے اپنے عہد کی پاسداری کی۔ 
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی+ نمائندہ خصوصی)  اسلام آباد ائیر پورٹ پر سعودی معزز مہمان کو خوش آمدید کہتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ سعودی عرب سے سرمایہ کاری کے لئے سرکاری حکام اور نجی کمپنیوں کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں، سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح کا دورہ دونوں ملکوں کے لئے سرمایہ کاری کے شعبے میں اہم سنگ میل ہو گا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس دورے سے سعودی عر ب اور پاکستان کے مابین گہرے برادرانہ روابط مزید مضبوط ہوں گے اور دوطرفہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی نجی کمپنیاں سعودی عرب سے سرمایہ کاری اور دو طرفہ بزنس کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ وفاقی وزرا عبدالعلیم خان، جام کمال خان اور مصدق ملک پر امید نظر آئے اور اس دورے کو نتائج کے اعتبار سے انتہائی سود مند ہونے کی توقع کا اظہار کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن