• news

ای سی سی 5 لاکھ ٹن چینی برآمد کی اجازت، چائینیز انجینئرز کیلئے معاوضہ منظور

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ای سی سی نے وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے پیش کی گئی سمری پر بحث کی جس میں مجوزہ اور جاری برآمدات کی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد بھی 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی مزید برآمدات کے لئے اجازت طلب کی گئی۔ ای سی سی نے اس تجویز پر تفصیلی بحث کی اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز اور وزارتوں کی سفارشات کی روشنی میں 0.500  ملین میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی تجویز کو انہی شرائط و ضوابط کے ساتھ منظور کیا جس کی ای سی سی نے 20 تاریخ کو اپنے فیصلے میں اجازت دی تھی۔  یہ اجازت پی ایس ایم اے کی جانب سے اس معاہدے کی فراہمی سے مشروط ہوگی کہ ان کی ملیں اگلے سال کے لئے 21 نومبر تک پیداوار شروع کر دیں گی اور کسی بھی غیر تعمیل شدہ مل کا برآمدی کوٹہ منسوخ کر دیا جائے گا۔ چینی کی برآمد 3 ماہ میں کی جائے گی اور قیمتوں میں اضافے پر یہ سہولت کسی بھی وقت واپس لی جا سکے گی۔ ای سی سی نے وزارت توانائی کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی کے مرنے والے چینی ملازمین کیلئے معاوضہ پیکج کی منظوری بھی دیدی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن