پاکستانی عوام کیلئے کچھ کرنا اولین ترجیح رہی، مستقبل میں بھی جوائنٹ وینچرز کئے جائینگے: سعودی عرب
اسلام آباد +لاہور (خبر نگار+نیوز رپورٹر) سعودی وزیر سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح کے سعودی وفد کے ہمراہ دورہ پاکستان کے موقع پر وفاقی وزیر سرمایہ کاری، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے ملک میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع اور نئے رحجانات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے لئے متعدد پرکشش اور منافع بخش اہم منصوبے موجود ہیں، ہم سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں ہونے والی ہر طرح کی شراکت داری اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ اسلام آباد میں پاک سعودی منسٹریل راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے سعودی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ مواصلات کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے تعمیر کی جانے والی ایم 6 اور ایم 9 موٹرویز کے منافع بخش منصوبوں میں سرمایہ کاری کا بہترین انتخاب کریں جس سے بندرگاہوں سے پورے ملک میں جانے والی ہر طرح کی ٹرانسپورٹ مستفید ہو گی۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور سعودی وفد نے جوائنٹ منسٹریل کانفرنس میں ''جی ٹو جی '' کی بنیاد پر منصوبوں میں باہمی اشتراک پر بھی غورو خوض کیا جبکہ سعودی بزنس کمیونٹی اور سرکاری حکام کی جانب سے سرمایہ کاری کے مختلف منصوبوں میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا گیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔ اس موقع پر سعودی وزیر سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی پیشکش میں خصوصی دلچسپی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام کے لئے کچھ کرنا سعودی حکومت کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے اور ماضی کی طرح مستقبل میں بھی جوائنٹ وینچرز کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وفد کو بتایا کہ فاصلوں کو کم کرنے اور راستوں کو آسان بنانے کے لئے ہم کراچی بندرگاہ کو پہلے سے موجود موٹروے سے منسلک کرنا چاہتے ہیں جبکہ کراچی سے حیدرآباد اور سکھر موٹروے کی جلد از جلد تکمیل کرنا بھی وزارت مواصلات کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سعودی بزنس کمیونٹی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بھی منصوبے پیش کریں گے۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح اور سعودی کاروباری وفد کے اعزاز میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی جانب سے استقبالیہ دیا گیا جس میں سعودی مہمانوں اور وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، جام کمال خان، مصدق ملک اور شیزا فاطمہ سمیت بڑی تعداد میں کاروباری شخصیات نے شرکت کی جبکہ سعودی عرب سے آئے ہوئے سرمایہ کاروں، اعلیٰ حکام اور بزنس گروپ کے اراکین بھی شامل ہوئے۔ سعودی عرب سے بزنس ٹو بزنس اور گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ اہم منصوبوں میں شراکت ہوگی۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح نے پاکستانی عوام کیلئے خیر سگالی جذبات پیش کرتے ہوئے اس استقبالیے کو دورے کی یادگار قرار دے دیا۔