پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ میں بدترین شکست، انگلینڈ ملتان میں ایک اننگز 47 رنز سے کامیاب
لاہور(حافظ محمد عمران /سپورٹس رپورٹر )انگلینڈ نے پاکستان کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 47 رنز سے شکست دیکر سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل کرلی۔ ملتان ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز 6 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز کیا، آغا سلمان اور عامر جمال نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 109رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ آغا سلمان 63 کے انفرادی سکور پر وکٹ گنوابیٹھے، شاہین شاہ آفریدی 8 ‘نسیم شاہ 6 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، عامر جمال 55رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔کپتان شان مسعود 11 ، محمد رضوان 10 اور بابراعظم 5 رنزبناکر آئوٹ ہوئے، اوپنر عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ بخار میں مبتلا ابرار احمد بیٹنگ کیلئے نہیں آئے۔ پاکستان نے دوسری اننگز میں انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صرف 82 رنز پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔ٹیم 220رنز تک محدود رہی ‘جیک لیچ نے 4کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا ۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 556رنز بنائے جبکہ جواب میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 823رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ہیری بروک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ منگل سے ملتان میں شروع ہوگا، انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ میں پاکستان پہلی اننگز میں 500 یا اس سے زائد رنز بنا کر اننگز کی شکست سے دوچار ہونے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے اور آج تک دنیا کی کسی بھی ٹیم کو پہلی اننگز میں 500 رنز بنانے کے بعد اننگز کی شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔