• news

پنجاب کے ہر ہسپتال کو بہترین کرنا چاہتے ، صحت کے معاملہ پر غفلت برداشت نہیں کی جاسکتی : مریم نواز 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جوبلی ٹائون میں انڈس ہسپتال کا دورہ کیا اور انڈس ہسپتال جوبلی ٹاؤن کے نیو ایمرجنسی بلاک کا افتتاح کیا۔ ہسپتال مختلف شعبوں کا وزٹ کیا۔ انڈس ہسپتال میں خاتون نے پولیس کے خلاف دہائی دی اور پولیس افسروں کی جانب سے داد رسی نہ کرنے کی شکایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو موقع پر طلب کر لیا اور شکایت کا فوری ازالہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ مریم نواز نے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی۔ اظہار شفقت کیا اور صحت یابی کی دعا کی۔ انڈس ہسپتال میں طریقہ علاج اور پیپر لیس ڈیش بورڈ سسٹم کا مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے زیر علاج زخمی نوجوان اور اس کے والد سے گفتگو کی اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔ خاتون کے مطالبے پر سپیشل افراد کیلئے بلڈنگز میں ریمپ کی تعمیر پر عملدرآمد کی یقینی دہانی کرائی۔ مریضوں سے علاج کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہر ہسپتال کو بہتر سے بہترین کرنا چاہتے ہیں۔ ہیلتھ کا معاملہ دراصل انسانی زندگی کا معاملہ ہے، غفلت اور کوتاہی نہیں برداشت کی جا سکتی۔ انڈس ہسپتال کے سسٹم اور تجربات سے استفادہ کر کے ہیلتھ سسٹم کو بہتر بنائیں گے۔ خدمت کی نیت اور خدا خوفی سے دن رات محنت کر رہے ائیر ایمبولینس سروس کی وجہ سے روزانہ قیمتی جان بچانے میں قابل قدر کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ کرسی ذمہ داریوں کا بوجھ ہے، ایک اچھے فیصلے سے کروڑوں زندگیوں میں بہتری آرہی ہے۔ پنجاب میں پورے پاکستان سے علاج کے لئے مریض آتے ہیں۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں نوے فیصد تک مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ ہارٹ اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لیے انڈس ہسپتال سے اشتراک کار کریں گے۔ وزیر اعلی کو بتایا گیا کہ رجب طیب اردگان ٹرسٹ کے تحت 70 لاکھ مریض مفت اور معیاری علاج سے مستفید ہو چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے سرکاری ہسپتالوں میں انڈس ٹرسٹ کی معاونت سے بہتری لانے کے لئے مشترکہ پلان طلب کر لیا۔ کمسن بچوں کی ہارٹ سرجری کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ علاوہ ازیں  مریم نواز شریف نے مہاجر پرندوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مہاجر پرندے قدرت کا انمول تحفہ ہیں۔ دور دیسوں سے آنے والے مہاجر پرندے فطرت کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں۔ مہاجر پرندے ماحولیات کے توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مہاجر پرندے ہماری زمینوں کی زرخیزی میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ غیر قانونی شکار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن