• news

 متحدہ وفد سے ملاقات ، تحفظات دور کریں گے: احسن اقبال

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر کراچی آئے ہیں، مجوزہ آئینی ترامیم  کے حوالے سے ایم کیو ایم کو اعتماد لیا گیا ہے، تحفظات بھی دور کریں گے۔ کراچی میں رہنما ایم کیو ایم کے ہمراہ مشترکہ کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ موجوزہ آئینی ترامیم کی کوئی جمہوری جماعت مخالفت نہیں کر سکتی، پارلیمنٹ کا کام کسی عدالتی فیصلے سے نہیں ہو سکتا کیونکہ عدالت کے سیاسی فیصلے ملک کو عدم استحکام تک لے جاتے ہیں، مخصوص نشستوں پر بھی چھٹی کے دن ایک فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 58 ٹو بی سے حکومتیں ختم ہوئیں، جب آئین سے یہ 58 ٹو بی نکالی تو یہ کام عدالت سے شروع ہوگیا، ہم اپنی عدلیہ کو سیاسی معاملات سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔ ن لیگ کی حکومت ختم کرکے ترقی کا سفر ختم کر دیا گیا، عدالت نے نواز شریف کے معاملے پر یہ کام کیا اور عدالتی اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جبکہ چند ججز نے حمزہ شہباز شریف کی حکومت ختم کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ملک کا دیوالیہ نکال چکی تھی، آئی پی پیز پر ایم کیو ایم کے کردار کو سراہتے ہیں۔ آرٹیکل 140 اے کی ہم بھی حمایت کرتے ہے، مجوزہ آئینی ترمیم پاس ہونے کے بعد ایم کیو ایم کے مسودے پر بات چیت ہوگی۔ لاپتا کارکنان کے حوالے سے بھی جلد ایک میٹنگ کریں گے۔ ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آنے والے وقت اور مستقبل میں مل کر ساتھ کام کرنا ہے۔ ہم نے آئینی ترمیم، آرٹیکل 140 اے، لاپتا کارکنان اور آئی پی پیز کے حوالے سے بھی بات کی ہے۔ قبل ازیں ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کے وفود کی ملاقات ہوئی۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے آئینی ترامیمی مسودے پر ایم کیو ایم کو اعتماد میں لیا۔ ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ آئینی ترامیم اہم معاملہ ہے مگر جمہوریت کے لیے بلدیاتی قوانین میں ترامیم اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی بھی اہم ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، امین الحق اور خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر شریک ہوئے جبکہ مسلم لیگی وفد میں احسن اقبال، رانا ثناء اللہ اور اعظم نذیر تارڑ شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن