• news

شنگھائی کانفرنس: چین، بھارت سمیت کئی ممالک کے وفود پہنچ گئے، چینی وزیراعظم آج پاکستان آئیں گے

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے مختلف ممالک کے وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ چین، بھارت، روس، ایران اور کرغزستان سمیت مختلف ممالک کے وفود پاکستان پہنچ گئے۔ دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم لی چیانگ 14سے17اکتوبرکے دوران پاکستان کا دورہ کریں گے جبکہ ایرانی نائب صدر (اول) ڈاکٹر رضا کی 15 اکتوبر کو پاکستان آمد متوقع ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے بھارت کا 4 رکنی جبکہ روس کا 76 رکنی وفد اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا۔ اس کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 7نمائندے بھی پاکستان پہنچ گئے۔ چین کا 15 رکنی، کرغیزستان کا 4 اور ایران کا 2 رکنی وفد بھی وفاقی دارالحکومت پہنچا۔ وفود کی پاکستان آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم لی چیانگ 14 سے 17 اکتوبر کے دوران پاکستان کا دورہ کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ایس سی او کانفرنس میں شرکت کیلئے ایرانی اول نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف کی 15 اکتوبر کو پاکستان آمد متوقع ہے۔ چینی وزیراعظم کے ساتھ وزارت خارجہ اور تجارت کے حکام بھی ہمراہ ہوں گے۔ فریقین علاقائی اور عالمی پیشرفت پر بھی بات کریں گے۔ چینی وزیراعظم صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔ چینی وزیراعظم پارلیمانی رہنماؤں اور اعلی عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ایرانی اول نائب صدر ایس سی او سربراہان مملکت اجلاس کی سائیڈ لائنز پر پاکستانی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات، خطے بالخصوص غزہ و لبنان کی صورتحال پر بات چیت متوقع ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سربراہی اجلاس میں چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم شرکت کریں گے جبکہ ایران کے اول نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف اور بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ مبصر ملک منگولیا کے وزیراعظم، ترکمانستان کے چیئرمین وزراء کابینہ بھی کانفرنس کا حصہ ہوں گے۔ حکومت نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے سلسلے میں اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں پیر سے تین دن کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے اور اس دوران نقل و حرکت کو محدود رکھنے کے لیے دارالحکومت کی تمام مرکزی سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔ سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے والے ’ریڈ زون‘ سمیت پورے اسلام آباد کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے اور جابجا خوش آمدید کے بینر اور بین الاقوامی سربراہان کی تصاویر آویزاں ہیں۔ کانفرنس کے دوران جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس کل سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی جبکہ راولپنڈی میں 14 سے 16 اکتوبر تک لاہور اور پشاور سے آنے والے ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔دریں اثناء انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں "شنگھائی تعاون تنظیم "2024 سربراہی کانفرنس کے سلسلہ میں اسلام آباد پولیس نے بھرپور سکیورٹی انتظامات کر لئے کو یقینی بنانے کے لئے ایک جامع اور مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سرچ اور انفارمیشن بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام غیر ملکی سربراہان، وفود اور غیر ملکی مہمانوں کی بھرپور سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ پولیس کے ساتھ وزارت خارجہ ، ضلعی انتظامیہ، پاکستان آرمی، رینجرز، ایف سی، دیگر صوبائی پولیس، انٹیلیجنس ایجنسیاں ، ٹریفک پولیس اور سپیشل برانچ کے افسران و جوان بھرپور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن