عمران کی طبی معائنے کی حکومتی پیشکش ، پی ٹی آئی نے آج احتجاج کی کال واپش لے لی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں طے کیا گیا کہ پی ٹی آئی نے آج 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں اپنے احتجاج کی کال واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کے اس خط کے جواب میں رابطہ کیا اور پیشکش کی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے جیل میں طبی معائنے کے لئے پمز ہسپتال کے ڈاکٹر کو بھیجا جا سکتا ہے تاہم حکومت ان کے طبی معائنہ کیلئے شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹر کو اجازت نہیں دے سکتی۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حکومت کی جانب سے باضابطہ رابطہ کیا اور بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کروانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ آج صبح ڈاکٹرز کو اڈیالہ جیل بھجوایا جائے گا۔