پیپلز پارٹی قیادت کی ارکان اسمبلی، سینٹ کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت
اسلام آباد (عترت جعفری) پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے اپنے تمام ارکان سینٹ اور قومی اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ حیدرآباد میں پارٹی کے جلسہ میں شرکت کی بجائے اسلام آباد جائیں، اس ہدایت کی روشنی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے خصوصی طور پر سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان سینٹ اور ارکان قومی اسمبلی اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے ہیں اور رات گئے چند ارکان کے سوا باقی تمام اسلام آباد آ چکے تھے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی حکومت سے بھی کہا تھا کہ 18 اکتوبرکو پارٹی کا حیدر آباد میں جلسہ ہے جس کی وجہ سے آئینی ترامیم کو 18 اکتوبر سے پہلے ووٹنگ کے لئے پیش نہ کیا جائے، کیونکہ ان کے ارکان اسمبلی خاص طور پر سندھ سے منتخب ارکان جلسے کی وجہ سے مصروف ہوں گے، تاہم گزشتہ روز پارٹی کی ہائی کمان کی طرف سے تمام ارکان کو انفرادی طور پر پیغام دیا گیا کہ وہ جلسے کی بجائے قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس میں لازمی طور پر شریک ہوں، پارٹی کے ذرائع یہ تصدیق کر رہے ہیں کہ آئینی ترمیم پر ان کے عددی قوت مطلوبہ تعداد سے بڑھ چکی ہے اور پارٹی کی ہائی کمان نے آئینی پیکج پر وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنے پر پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خراج تحسین پیش کیا۔