• news

ہونہار سکالر شپ، آج رجسٹریشن کی آخری تاریخ، ہر طالب علم میرا بیٹا، طالبہ بیٹی ہے: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ مضبوط، خوشحال اور مستحکم معاشرہ تب ہی ممکن ہے جب کمزور اور پسماندہ طبقات کا ہاتھ تھام لیا جائے۔ غربت محض ایک اقتصادی مسئلہ نہیں، بلکہ تعلیم، صحت اور انصاف کے عدم دستیابی کا نتیجہ ہے۔ منصب سنبھالتے ہی معاشرتی انصاف اور اقتصادی ترقی کے ذریعے غربت کے خاتمے کا عہد کیا۔غریب  بے گھر افراد کے لئے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام لانچ کیا۔ کسانوں کیلئے 400 ارب کا تاریخی کسان پیکج شروع کیا ہے۔ ہر نوجوان کو غربت سے بچانے کے لئے سکلز پروگرام، روزگار کے مواقع اور دیگر اختراعی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ سپیشل افراد کی معاشی معاونت کیلئے ہمت کارڈ لانچ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کی غربت ختم کرنے کے لئے معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔ عارضی مہنگائی کا خاتمہ اور اشیاء  ضروریہ کے نرخ میں کمی کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔ غربت کے خاتمے کی جہد و جہد میں کامیابی مشترکہ ذمہ داری نبھانے سے مشروط ہے۔ علاوہ ازیں مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں طلبہ کے لئے 130 ارب روپے کے ہونہار سکالر شپ پروگرام کی رجسٹریشن کا آج آخری روز ہے۔ جامعات میں ہونہار سکالرشپ انفارمیشن ڈیسک قائم کر دیے گئے۔ ہونہار سکالر شپ کے تحت 68 ڈسپلن/ مضامین کے طلبہ کو سکالر شپ دیا جائے گا۔ وزیراعلی ویژن کے مطابق ہر سال 30ہزار طلبہ کو سکالر شپ ملیں گے۔ پنجاب بھر کی50 پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے طلبہ سکالر شپ حاصل کر سکیں گے۔ انڈر گریجوایٹ ڈگری پروگرام کے تحت 4سے 5سال تک سکالر شپ مہیا کئے جائیں گے۔ طلبہ کی اہلیت کا تعین کرنے کے لئے میٹرک کے 30فیصد اور انٹر میڈیٹ کے 70فیصد مارکس سے میرٹ بنے گا۔ ہونہار سکالر شپ کے تحت طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی۔ 22سال سے کم عمر 3لاکھ سے کم آمدن رکھنے والے پنجاب کے شہری سکالر شپ حاصل کر سکیں گے۔ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلبہ بھی سکالر شپ کے لئے اپلائی کر سکیں گے۔ honhaarscholarship.punjabhec.gov.pk پر (آج) 18اکتوبر تک سکالر شپ کے لئے اپلائی کیا جا سکے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کا ہر طالب علم میرا بیٹا اور ہر طالبہ میری بچی ہے۔ طلبہ کو ہائر ایجوکیشن کے لئے خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر سکالرشپ  دئیے جائیں گے۔ ہونہار سکالر شپ کا مقصد محدود وسائل کے ساتھ اچھے نمبرز حاصل کرنے والے طلبہ کو اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔  مریم نواز شریف نے راولپنڈی اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب وین میں آتشزدگی سے 3 افرادکے جاں بحق ہونے کے واقعہ پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن