اختر مینگل کا وطن واپسی کا فیصلہ آج اسلام آباد پہنچیں گے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق سردار اختر مینگل دبئی سے آج اسلام آباد پہنچیں گے اور پھر مشاورت کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ اس سے قبل سردار اختر مینگل نے دو روز پہلے سماجی رابطے کی سائٹ پر دعویٰ کیا تھا کہ ان کی جماعت کے 2 سینیٹرز کو آئینی ترمیم کی حمایت نہ کرنے پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے لکھا تھا کہ اب ایسی صورت میں ہمارے پاس ایک واحد راستہ یہ ہے کہ ان دونوں ارکان سے بھی استعفیٰ دلوا دیا جائے۔ ایک روز قبل اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں سردار اختر مینگل کے فلیٹ کا دورہ کیا تھا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائم مقام صدر ساجد ترین نے دعویٰ کیا تھا کہ اسلام آباد پولیس نے اختر مینگل کے فلیٹ پر چھاپہ مارا تاہم وہ موجود نہیں تھے۔ پولیس نے مؤقف اختیار کہ اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر افراد کیخلاف انٹیلی جنس رپورٹ تھیں۔