• news

پی ٹی آئی نے سیاسی اختلافات کو دشمنی میں بدلنے کی روایت ڈالی: عطا تارڑ

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + وقائع نگار + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد میں انفارمیشن گروپ کے افسروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ویلڈن کہا ہے اپنے ایکس پر پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اپنے ساتھ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن اور دیگر افسران کے ہمراہ پاک چائنہ سینٹر میں قائم میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹر میں لیا گیا گروپ فوٹو کے ساتھ جاری کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن گروپ کے میرے افسران بیحد کمٹڈ، سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان، ویری ٹیلنٹڈ، پی آئی او مبشر حسن لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران تمام ٹیم نے بشمول پرائم منسٹر آفس کی ٹیم کے مشکل ترین کام سرانجام دیئے ہیں۔ انشاء اللہ ہم ایک ساتھ تاریخ رقم کریں گے، ایس سی او کیلئے آپ کی خدمت کو خراج تحسین پیش ہے، شاباش۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سیاسی اختلاف کو دشمنی میں بدلنے کی روایت ڈالی۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت نے طالبعلموں کے ذریعے امن وامان خراب کرنے کی کوشش کی، عوام کے سامنے یہ تمام حقائق رکھ دیئے ہیں، ہتک عزت قانون کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی نے کبھی برداشت نہیں دکھائی، دوسرے کا مؤقف نہیں سنا، آپ کو انکی تقریر میں کبھی اسرائیلی مظالم کا ذکر نہیں ملے گا، پی ٹی آئی نے فلسطین پر بلائی اے پی سی میں شریک ہونے سے انکار کردیا، ایس سی او کانفرنس کو سبوتاڑ کرنے کی سازش کی گئی۔ اپوزیشن ہمیشہ اپنی تقریروں میں زہر اگلتی ہے، یہ آرمی چیف، ایجنسیوں اور سیاستدانوں کے خلاف بات کرتے ہیں، یہ فلسطین پر بات نہیں کرتے کیونکہ دوسری طرف ان کا تعلق ہے، ایس سی او پر لشکر کشی میں ان کی جماعت میں اختلاف تھا۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے ساتھ ہماری تلخی اور سیاسی اختلاف کی ایک تاریخ ہے، محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت پر سب سے پہلے نواز شریف ہسپتال پہنچے، ان کے لیڈر نے سیاسی مخالفت کو سیاسی دشمنی میں بدلا، نواز شریف نے ہمیشہ رواداری کی سیاست کو فروغ دیا۔

ای پیپر-دی نیشن