غربت کا خاتمہ، اہم پیش رفت کی، عوامی زندگی مزید آسان بنانے کیلئے پرعزم: وزیراعظم
اسلام آباد، لاہور (خبر نگار خصوصی+ این این آئی) وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی ہر پالیسی کا محور عوام کی فلاح و بہبود ہے، حکومت نے غربت کے خاتمے کو یقینی بنانے میں اہم پیش رفت کی ہے۔ غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر ایک ایسی دنیا کے لیے پر عزم ہیں جہاں ہر فرد کے لیے کامیابی کے مواقع یکساں ہوں، غربت کا خاتمہ صرف ایک اخلاقی فرض نہیں ہے بلکہ پائیدار ترقی کے حصول کے لئے بنیادی شرط ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ لوگوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات بھی انتہائی اہم ہیں، ہمیں مہنگائی اور معاشی بے یقینی سمیت عالمی چیلنجز کا سامنا ہے، حکومت پاکستان اپنے لوگوں کے لیے زندگی کو مزید آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے سے لے کر رہائش کی ضروریات کو پورا کرنے تک، ہم طویل مدتی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی پالیسیوں پر کام کر رہے ہیں، 17پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs)میں غربت کا خاتمہ بھی سرفہرست ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ جامع ترقی، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور ماحولیاتی پائیداری کے حصول کے اہداف کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں خواتین کو بااختیار بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے میں ہونے والی پیش رفت پر بھی فخر ہے، خواتین کی شراکت ملکی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ آج کے دن میں پاکستان اور دنیا بھر میں ان تمام لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جو غربت کے خاتمے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے منگولیا کے وزیراعظم نے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، سیاحت، زراعت اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی کمیشن بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے بین الپارلیمانی یونین کے قیام پر بھی اتفاق ہوا۔ منگولیا کے وزیراعظم نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے منگولیا کے سول سرونٹس کو پاکستان کے تربیتی اداروں میں تربیت کیلئے بھیجنے کی پیشکش کی۔ وزیر اعظم منگولیا کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو تجارت، سرمایہ کاری، عوام سے عوامی و مواصلاتی روابط پر خصوصی توجہ کے ساتھ باہمی طور پر مفید تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنی چاہئیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ نے وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ژانگ منگ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت (سی ایچ جی) کے اجلاس میں شرکت کے لئے اسلام آباد آئے تھے۔ سیکرٹری جنرل شنگھائی تعاون تنظیم کے جولائی 2022 کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اسلام آباد میں سیکرٹری جنرل کا خیرمقدم کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ اجلاس کے انعقاد میں شنگھائی تعاون تنظیم سیکرٹریٹ کی طرف سے پاکستان کو فراہم کئے جانے والے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے سیکرٹری جنرل کو یقین دلایا کی شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن کی حیثیت سے پاکستان رکن ممالک اور خطے کے وسیع تر مفاد کے لیے تنظیم کی ترقیاتی ترجیحات کے فروغ کے لئے تہہ دل سے کام کرتا رہے گا۔ پاکستان ایس سی او رکن ممالک کے ساتھ تنظیم کو مزید موثر اور مضبوط بنانے کے لئے کام کرتا رہے گا۔ وزیر اعظم نے ایس سی او کے سبکدوش ہونے والے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے ژانگ منگ کی لگن اور شاندار خدمات پر بھی شکریہ ادا کیا اور ان کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ژانگ منگ نے وزیر اعظم کو شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اس کے مثبت نتائج پر مبارکباد دی۔