پنجاب: ترمیمی ایکٹ منظور‘ ڈی سی کو دفعہ 144 لگانے کا اختیار مل گیا‘ نفاذ چیلنج
لاہور (خبر نگار+ نیوز رپورٹر) دفعہ 144 کا ترمیمی ایکٹ منظور کر لیا گیا ہے۔ ڈی سی کو دفعہ 144 لگانے کا اختیار مل گیا۔ گورنر پنجاب نے پنجاب انفورسمنٹ ایکٹ کی منظوری دی دی ہے۔ ترمیم کے تحت ڈی سی کو سات روز کے لئے ضلع میں دفعہ 144 لگانے کا اختیار مل گیا، اس طرح محکمہ داخلہ کا دفعہ 144 لگانے کا اختیار ڈی سی کو مل گیا۔ ہوم سیکرٹری پنجاب ایک ماہ کے لیے پورے صوبے میں دفعہ 144 لگا سکیں گے۔ ایک ماہ سے زائد عرصہ کے لئے دفعہ 144 لگانے کا اختیار کابینہ کو ہوگا۔ دفعہ 144 کا ترمیمی ایکٹ منظور کر لیا گیا۔ دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ میں دفعہ 144 کے نفاذ کو چیلنج کرنے کی درخواست دائر کردی گئی،اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ دفعہ144کا نفاذ جلسہ جلوس کو روکنے کے لیے ہے جس کی آئین میں اجازت نہیں ہے ، سیاسی جماعتوں کو احتجاج کرنے کا حق ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے صاف پانی اتھارٹی ایکٹ 2024 ء کوڈ آف کریمنل پروسیجر (پنجاب امینڈمنٹ) ایکٹ 2024 ء اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن ایکٹ 2024 ء پر دستخط کر دیئے۔ گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد یہ تینوں ایکٹ فوری نافذ العمل ہوں گے۔