• news

پنجاب میں قیمتوں پر کنٹرول کیلئے نیا ادارہ قائم، عوامی مفاد میں فیصلے کرینگے: مریم نواز

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے وعدے کی تکمیل کی طرف اہم پیشرفت کرتے ہوئے صوبے میں پرائس کنٹرول یقینی بنانے کے لئے نیا ادارہ قائم کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔  وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے چھ ماہ میں سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی اور عالمی معیار کے مطابق نئے پرائس کنٹرول میکنزم کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں گندم اور دیگر اجناس کی پیداوار، دستیابی اور دیگر امور کے تحت نرخ مقرر کرنے کی تجاویز پر غورکیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اجلاس میں امپورٹڈ پام آئل پر انحصار کم کرنے کے لئے سن فلاور، سویابین اور کینولا کی کاشت بڑھانے کیلئے ضروری اقدامات کا حکم دیا اور ہر شہر میں ٹماٹر، پیاز اور دیگر ضروریات پوری کرنے کے لئے مقامی کاشت بڑھانے پر زور دیا گیا۔ مارکیٹ کے نرخ میں استحکام کے لئے فورکاسٹ بلیٹن جاری کرنے اور ایس ایم یو کے تحت پرائس کنٹرول کیلئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب میں ایگری مانیٹرنگ فنڈ کے قیام کا بھی اصولی فیصلہ اور کاشتکاروں کو براہ راست خریدار سے منسلک کرنے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ منڈیوں میں کاروبار کرنے والوں کو رجسٹر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ PAMRA کے بورڈ اور مارکیٹ کمیٹی چیئرمین کی نامزدگی جلد کرنے کی ہدایت کی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ گھی اور خوردنی تیل کے نرخ میں اضافے کا سبب عالمی مارکیٹ میں پام آئل کے نرخ میں اضافہ ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے گندم اور دیگر اجناس کی فصل کی پیداوار کا پیشگی تعین کیا جائے گا۔ گندم خریداری نہ ہونے سے ملکی معیشت اور عوام کیلئے مثبت اثرات سامنے آئے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اجلاس میں ہدایت کی کہ گندم اور آٹا کے نرخ کے اتار چڑھاؤ اور مارکیٹ ڈائنامکس پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ایس ایم یو میں قابلیت کے مطابق صرف اور صرف میرٹ پر افسر تعینات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار فتح پر مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی عمدہ کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ ساجد خان نے شاندار بولنگ کی، بیٹنگ پرفارمنس بھی بہترین رہی۔وزیراعلی نے معذور سکیچ آرٹسٹ محمد عظیم کو تقرری کا لیٹر دیدیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر محمد عظیم کو الیکٹرک وہیل چیئر کی فراہمی، محمد عظیم کے گھر کی سڑک بنوانے کا بھی حکم دیا۔ محمد عظیم الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ اینڈ ویژؤل آرٹ میں ٹیچر کے فرائض سرانجام دیں گے، محمد عظیم پنسل سے سکیچ بنانے کے ماہر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن