• news

عافیہ صدیقی کی انسانی بنیادوں پر رہائی کا حکم دیں، وزیراعظم کا امریکی صدر کو خط

اسلام آباد (وقائع نگار+ خبر نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت میں زیر سماعت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کے کیس میں عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ حکومت پاکستان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا معافی کیلئے امریکی صدر کو خط لکھ دیا۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جانب سے عمران شفیق ایڈووکیٹ جبکہ وفاقی کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے عافیہ صدیقی کی سزا معافی کیلئے امریکی صدر کو خط لکھا ہے۔ دوران سماعت مذکورہ خط بھی عدالت پیش کیا گیا جس پر عدالت نے خط کی کاپی درخواست گزار وکیل کو بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی اور سماعت ملتوی کردی گئی۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا معافی اور رہائی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے امریکی صدر کو لکھے گئے خط میں وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا معافی اور رہائی کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ میری آپ سے امریکہ اور میرے آبائی شہر لاہور میں ملاقات ہوئی، میں نے آپ کو ہمیشہ پاکستان اور اس کے عوام کا دوست پایا، کیری لوگر برمن بل کی پندرہ سال قبل کانگریسی منظوری میں آپ کا کردار مجھے یاد ہے، میں آپ کی توجہ ایسے اہم معاملے کی طرف دلانا چاہتا ہوں جسے ہمدردی کی بنیاد پر دیکھا جانا چاہیے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی ایف ایم سی کارسویل میں سمتبر 2010 سے قید ہے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ نے 86 سال قید کی سزا سنا رکھی ہے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکی جیل میں سولہ سال کی قید کاٹ چکی ہیں، ان برسوں میں پاکستانی آفیشلز عافیہ صدیقی سے کونسلر ملاقاتیں کر چکے ہیں، سب ملاقات کرنے والوں نے عافیہ صدیقی کے علاج کی سہولیات سے متعلق سنجیدہ تحفظات کا اظہار کیا، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کمزور دماغی اور جسمانی صحت پر علاج معالجے کے اثرات ہوئے، اس خدشے کا اظہار بھی کیا گیا کہ عافیہ صدیقی کہیں اپنی جان ہی نہ لے لے، مجھے آپ کی بیرون ممالک میں قید اپنے شہریوں کیلئے جدوجہد سے مکمل طور پر علم ہے، آپ سمجھ سکتے ہیں کہ بطور وزیراعظم اِس معاملے میں مداخلت میری ذمہ داری ہے، گزارش ہے کہ آپ اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے انسانی بنیادوں پر عافیہ صدیقی کی سزا معاف کر کے رہائی کا آرڈر کریں۔ عافیہ صدیقی کی فیملی اور لاکھوں پاکستانی میرے ساتھ آپ کی عنایت کے منتظر ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عافیہ رہائی کیس میں وکیل عمران شفیق نے کہاکہ دو سال بعد ہماری کوششوں کی وجہ سے  کیس میں بڑی اہم پیشرفت ہو گئی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان نے امریکی صدر کو خط لکھ دیا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو رہا کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی عوام بالخصوص صاحب ثروت افراد سے صیہونی ظلم و استبداد کے شکار نہتے فلسطینیوں اور لبنانیوں کی مدد کیلئے قائم امدادی فنڈ میں بڑھ چڑھ کر عطیات جمع کرانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان موسم سرما کیلئے غزہ، فلسطین اور لبنان میں نہتے مسلمان بہن بھائیوں کیلئے جلد مزید 3 ہزار خیمے اور 12 ہزار کمبل بھیجے گا جبکہ 8 اکتوبر 2023 سے اب تک امدادی اشیاء  کے 12 کارگوز فلسطین اور لبنان بھیجے جا چکے ہیں جن میں 3145 خیمے، 12625 کمبل سمیت اشیاء  خورونوش، خشک دودھ اور ادویات شامل ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت غزہ، فلسطین اور لبنان میں پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد کے حوالے سے جائزہ اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ فلسطین، غزہ اور لبنان کے مسلمانوں کو مصیبت میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر اعظم نے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ظلم و استبداد کے شکار نہتے فلسطینیوں اور لبنانیوں کی مدد کیلئے حکومت پاکستان نے امدادی فنڈ قائم کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے اپیل کی کہ پاکستانی عوام بالخصوص صاحب ثروت افراد بڑھ چڑھ کر اس فنڈ میں عطیات جمع کروائیں، پاکستان اور ملک سے باہر مقیم پاکستانی  IBAN:PK11SBPD0000001111114292 Raast ID: 01111114292 میں عطیات جمع کروا کر اپنے فلسطینی اور لبنانی بہن بھائیوں کی مدد میں حکومت کا ساتھ دیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 8 اکتوبر 2023 سے اب تک امدادی اشیاء  کے 12 کارگوز فلسطین اور لبنان بھیجے جا چکے، ان کارگوز میں 6 چارٹر، 3 پاک فضائیہ کی خصوصی پروازیں اور 3 کارگوز بحری راستے سے بھیجے گئے۔ بھیجی جانے والی اشیاء  میں  3145 خیمے، 12625 کمبل سمیت اشیاء  خورونوش، خشک دودھ اور ادویات شامل ہیں۔ مزید 3 ہزار خیمے اور 12 ہزار کمبل آئندہ تین پروازوں کے ذریعے بھیجے جا رہے ہیں۔  وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ فلسطینی میڈیکل طلباء  کا پہلا گروپ لاہور پہنچ چکا جبکہ دوسرا گروپ بھی گزشتہ دنوں اسلام آباد پہنچ گیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ میڈیکل کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی طلباء  کی پاکستان کی یونیورسٹیوں میں تعلیم کیلئے اقدمات یقینی بنائے جائیں۔  دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کے کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کے ساتھ  مل کر انسدادِ منشیات کے کامیاب آپریشن پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ کی متحرک قیادت کی بدولت 1.3 ٹن منشیات کی روک تھام ممکن ہوئی۔ منشیات کی اتنی بڑی مقدار کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنانا قابل ستائش ہے، پوری قوم کو پاک بحریہ کے جوانوں پر فخر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن