پولیو وائرس کا پھیلاؤ تشویشناک، مریم نواز، خاتمے کیلئے موثر ویکسینیشن مہم شروع کرنے کی ہدایت
لاہور (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونے ختم کرنے کیلئے قابل عمل اور پائیدار پلان طلب کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے تمام انٹری پوائنٹس پر موثر ویکسی نیشن کمپین کرنے کی ہدایت کی اور پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل کرنے کیلئے جامع اور موثر ویکسی نیشن کیمپین کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے سے متعلق اجلاس میں پنجاب میں موبائل اور مائیگرنٹ پاپولیشن کی ٹریکنگ اور رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ مسنگ چلڈرن کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔ پولیو کے خاتمے کی ویکسی نیشن مہم کو مزید موثر بنانے کے لئے مائیکرو پلان اور پنجاب کو مکمل طور پر پولیو فری بنانے کے لئے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب کو مکمل طور پر پولیو فری بنانا ہمارا عزم ہے۔ ویکسی نیشن مہم کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کر رہی ہوں۔ عوام کے بھرپور تعاون کے ذریعے ہی پولیو وائرس کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ ویکسی نیشن مہم کے دوران ایس او پیز کے مطابق کولڈ چین بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں وائرس سرکولیشن بڑھنا تشویش ناک امر ہے۔ پولیو ویکسی نیشن کے حوالے سے کمزور اضلاع پر بھرپور توجہ دی جائے۔ علاوہ ازیں پنجاب کی 3 تحصیلوں میں خاتون وکلاء کے لئے بار روم اور ڈے کیئر سنٹرز بنانے کا حکم دیا ہے۔ خاتون وکلاء نے عدالت عالیہ کو ضرورت کے پیش نظر لیڈیز بار روم اور ڈے کیئر سنٹرز کے قیام کی درخواست کی تھی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے لیڈیز بار رومز بنانے کے لئے محکمہ تعمیرات و مواصلات کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ اٹک، بہاولنگر اور لودھراں کے دور درازعلاقوں میں لیڈیز بار رومز کی تعمیرات کے لئے کارروائی شروع کر دی گئی۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے تینوں تحصیلوں میں لیڈیز بار رومز کے لئے سٹینڈرڈ نقشہ تیار کر لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ خاتون وکلاء کے لئے ورک پلیس پر بنیادی سہولتوں کا ہونا اشد ضروری ہے۔ خاتون وکلاء کے لئے دیگر علاقوں میں بھی مرحلہ وار لیڈیز بار رومز بنانے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے کہاکہ جنڈ، فورٹ عباس اور دنیا پور تحصیل بار ایسوسی ایشنز میں لیڈیز بار روم قائم کئے جائیں گے۔ چھوٹا سا کچن بھی بنایا جائے گا۔