• news

بانی پی ٹی آئی نے جیل ملاقات کیلئے آنے والے رہنماؤں کو کھری کھری سنا دیں‘ ذرائع‘ ایسی کوئی بات نہیں‘ علی ظفر

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنماؤں کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اندرونی کہانی کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو کھری کھری سنا دیں۔ جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے ملاقات کے لئے آئے رہنماؤں کی سرزنش کرتے کہا کہ آپ لوگوں کا مجھے کوئی فائدہ نہیں۔ جیل سے نکلنے کیلئے جو پلان میں نے دیا تھا اس پر کسی نے عمل نہیں کیا۔ میں نے احتجاج جاری رکھنے کا کہا تھا آپ کے تمام احتجاج فلاپ ہوئے۔ آپ سے کہا تھا ایس سی او پر احتجاج کرنا ہے لیکن کسی نے عمل نہیں کیا۔ میرے دیئے گئے منصوبے پر عمل کریں گے تو ہی باہر آ سکوں گا۔ بانی پی ٹی آئی سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات ادھوری رہی۔ علاوہ ازیں رہنما تحریک انصاف بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ملاقات کے دوران کوئی ناراضی کی نہ سرزنش کی‘ ناراضی یا سرزنش سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔ بانی پی ٹی آئی سے آئینی ترمیم سے متعلق گفتگو ہوئی، انہوں نے اپنی رہائی سے متعلق بھی کچھ ایسا نہیں کہا بانی پی ٹی آئی سے آئینی ترمیم سے متعلق مزید مشاورت کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن