190 ملین پائونڈ ریفرنس میں سماعت بغیر کاروائی ملتوی
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پائونڈ ریفرنس میں سماعت بغیر کاروائی ملتوی کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران وکلا عثمان ریاض گل، فیصل فرید چودھری ، اور خالد یوسف عدالت پیش ہوئے،فیصل فرید چودھری ایڈووکیٹ نے کہاکہ ملزمان کی حاضری کیلئے ویڈیو لنک پر پیش کرنے کا حکم دیا جائے ،تین اکتوبر کے بعد سے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے وکلا کی ملاقات نہیں ہو سکی،یہ بھی دیکھنا چاہتے ہیں کہ ملزمان کس حالت میں ہیں،ویڈیو لنک ممکن نہیں تو ملزمان کی عدالت پروڈکشن کے احکامات جاری کیئے جائیں، جج ناصرجاوید رانا نے کہاکہ ویڈیو لنک صرف ایک سماعت کیلئے کرنا چاہتے یا تمام سماعتیں ویڈیو لنک کے زریعے کرنا چاہتے ہیں،ویڈیو لنک پر سماعت چاہتے ہیں تو تحریری درخواست دے دیں،عدالت نے 190 ملین پانڈ ریفرنس پر سماعت 22 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کر دی۔