• news

پولیو کے مزید 2 کیس سندھ‘ ایک پشاور میں رپورٹ‘ مجموعی تعداد 39 ہو گئی

اسلام آباد + پشاور (خبر نگار + بیورو رپورٹ) پاکستان میں پولیو کے مزید دو کیسز رپورٹ ہوگئے۔ نیشنل پولیو لیبارٹری کے مطابق پولیو کیسز سندھ کے اضلاع سانگھڑ اور میرپور خاص سے رپورٹ ہوئے۔ سندھ سے رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 12ہو گئی، ملک میں رواں برس پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 39 ہو گئی۔ نیشنل پولیو لیبارٹری نیشنل پولیو پروگرام کی جانب سے 28اکتوبر سے ملک میں انسداد پولیو مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناء خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت سے پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہوا۔ یونین کونسل گبر باغ میں 30 ماہ کی بچی پولیو وائرس کے باعث معذوری کا شکار ہو گئی۔ متاثرہ بچی کے فضلے کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو 29 ستمبر کو بھیجے گئے تھے۔ قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے پولیو وائرس کی تصدیق کی جس کے بعد رواں سال خیبر پختونخوا میں پولیو متاثرہ کیسز کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ ضلع مہمند، ٹانک، کوہاٹ اور ڈی آئی خان میں اب تک پولیو وائرس کے متاثرہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن