• news

عمران سمیت ملزموں پر 27 سنگین دفعات عائد، جی ایچ کیو حملہ کیس چالان کی تفصیلات 

راولپنڈی (آئی این پی) سانحہ9 مئی کے دوران جی ایچ کیو حملہ کیس میں چالان کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت ملزموں پر مجموعی طور پر27  سنگین دفعات عائد کی گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چالان میں کہا گیا ہے کہ ملزموں نے سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر قیادت جی ایچ کیو پر حملہ کیا۔ دھاوا بولتے ہوئے گیٹ توڑ دیا، فوجی جوانوں سے بھرپور مزاحمت کی اور توڑ پھوڑ کرتے رہے۔ حساس عسکری املاک میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے آگ لگا دی۔ ڈنڈوں پتھروں سے حملہ کیا گیا، پٹرول بم مارا گیا۔ ملزم جی ایچ کیو گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے، ملک میں بغاوت کا ساماں پیدا کیا گیا، جی ایچ کیو بلڈنگ کے شیشے توڑے دئیے گئے۔ پاک آرمی کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا۔ عسکری ملازمین پر حملے کیے گئے۔ ملک اور فورسز دشمن نعرے لگائے گئے۔ آئی ایس آئی عمارت پر حملے کیے گئے، مظاہرہ منظم مجرمانہ سازش کے تحت کیا گیا۔ موقع پر6 ملزم گرفتار کیے جن کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں کی گئیں۔ چالان میں استدعا کی گئی کہ ملزموں کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں۔ مقدمے کے3 وعدہ معاف گواہ سابق ایم این اے صداقت عباسی، سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی اور سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ منحرف ہو گئے ہیں اور درخواستیں دائر کی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن