آئینی ترمیم سیاسی و معاشی استحکام میں سنگ میل، عوام کو عدالتی نظام سے جلد انصاف ملے گا: وزیراعظم
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم سیاسی و معاشی استحکام میں سنگ میل ہے اور ملکی ترقی و خوشحالی کا باعث بنے گی۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، 26ویں آئینی ترمیم پر حکومت میں شامل اتحادیوں کے ساتھ مشاورت ہوئی، یہ ترمیم سیاسی رہنماؤں کے درمیان مشاورت کی عکاس ہے۔ آئینی ترمیم 2006 میں طے پانے والے میثاق جمہوریت کی تکمیل ہے۔ آئینی ترمیم سے عوام کو عدالتی نظام سے جلد انصاف ملے گا۔ جوڈیشل بینچ کے قیام سے عام آدمی کو سہولت ملے گی۔ کئی سالوں سے التواء کا شکار کیسز حل ہوں گے۔ 26 ویں آئینی ترمیم 2006 میں ہوئے میثاق جمہوریت کے ایک اور وژن کی تکمیل ہے۔ انہوں نے کہا ایس سی او کانفرنس پر اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا۔ چینی، روسی وزیراعظم اور دیگر نے اسلام آباد کی خوبصورتی کی تعریف کی، 11 سال بعد چینی وزیراعظم پاکستان آئے اور ان کا دورہ کامیاب رہا۔ دوستی کو مضبوط کرے گا۔ غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غزہ اور لبنان میں ظلم و ستم جاری ہے، بے گناہ خواتین اور بچوں کو شہید کیا جارہا ہے اور ظلم میں کمی نہیں آرہی جبکہ عالمی عدالت کے فیصلوں کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا ہے۔ مہنگائی شرح 6.9 فیصد تک کم ہو چکی ہے جبکہ پالیسی ریٹ میں کمی آ چکی اور مزید کمی کا امکان ہے۔ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان اور غزہ کیلئے امدادی سامان کے 2 ہوائی جہاز فوری بھیجنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ امداد مستحقین تک پہنچے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت غزہ، فلسطین اور لبنان میں پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس کو لبنان و غزہ میں پاکستان کی جانب سے امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ پاکستان کی جانب سے غزہ و لبنان میں اسرائیلی جارحیت سے متاثرہ بہن بھائیوں کیلئے سردی سے بچانے والے ٹینٹس، کپڑے، کمبل، ادویات، اشیائے خورونوش بھجوائے جا رہے ہیں، اسرائیلی حملوں اور محاصروں کے باعث فلسطین اور لبنان کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی میں دشواری کا سامنا ہے۔ دوران بریفنگ مزید کہا گیا کہ جو این جی اوز غزہ اور لبنان کے متاثرین کیلئے رقم، امدادی سامان بھجوانا چاہتی ہیں انہیں امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے حکومت پاکستان کی جانب سے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے امدادی سامان کی ترسیل کی رفتار تیز تر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام بالخصوص صاحب ثروت افراد بڑھ چڑھ کر وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ و لبنان میں عطیات جمع کروا کر اپنے فلسطینی اور لبنانی بہن بھائیوں کی مدد میں حکومت کا ساتھ دیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ملک سے باہر مقیم پاکستانی آئی بی اے این نمبر IBAN.PK 11SBPD000000111111429 میں عطیات جمع کروا کر اپنے فلسطینی اور لبنانی بہن بھائیوں کی مدد میں حکومت کا ساتھ دیں۔