• news

ہم آئینی ترمیم کو نہیں مانتے، احتجاج کر کے پورا ملک بلاک کر دیں گے: علی امین گنڈا پور

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم جونہیں مانتے ، ہم اس کیخلاف احتجاج کرینگے اور اس بار پورا پاکستان بلاک کریں گے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  آئینی ترامیم  آزاد عدلیہ پر حملہ ہیں، ان کونہیں مانتے، احتجاج کے لیے اس بار پورے پاکستان سے لوگ اسلام آباد  آئیں گے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں کو پارٹی سے نکالیں گے، پارٹی سے غداری کرنے والوں کو فارغ کیا جائیگا، بزدل لوگوں کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، ہمارا احتجاج حکومت سے جان چھڑانے تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں کو پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس کیا جائے گا، ہم ڈٹے ہوئے ہیں،وقت بدلے گا ہم اپنا مینڈیٹ واپس لیں گے، برے وقت میں سب کا پتہ چل رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ایسی حکومت نے ترامیم پاس کی جو خود جعلی ہے، آئینی ترمیم کے خلاف آوازاٹھائیں گے ، قانونی حق استعمال کرینگے، باجوڑمیں مبارک زیب کو ٹکٹ نہ دینا کا میرا فیصلہ ٹھیک تھا یہ لوٹا نکلا، مبارک زیب کے مقابلے میں پارٹی رہنماؤں نے قربانیاں دی، مبارک زیب نے صرف اپنا ووٹ نہیں بیچا باجوڑ کا حق بیچا ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پْرامن رہنا ہے سیاسی تحریک ہے سیاسی طریقے سے چلے گی، آنسو گیس اور ہر طرح کی فسطائیت کا مقابلہ کرنا آسان نہیں، پورے پاکستان کو بلاک کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن