• news

محسن نقوی کی استنبول ایکسپو میں شرکت، ترک افواج کے سربراہ سے ملاقات 

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی اہم دورے پر ترکیہ پہنچ گئے۔ استنبول ائیر پورٹ پر ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جیند اور ترکیہ کی وزارت داخلہ کے ڈائریکٹر جنرل مہمت علدی ( Mehmet llidi) اور اعلی حکام نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی استنبول میں اہم  بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے  دعوت دی گئی ہے۔ وزراء اور مرکزی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، محسن نقوی نے کہا کہ ترکیہ کے دورے کے دوران باہمی تعاون کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہو گا۔ بارڈر مینجمنٹ، سکیورٹی، انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر ترکیہ کے وزراء اور لیڈر شپ سے بات چیت ہو گی۔ محسن نقوی نے استنبول میں بین الاقوامی ایکسپو میں شرکت کی اور دیگر ممالک کے مندوبین کے ہمراہ انٹرنیشنل ایکسپو 2024ء کا افتتاح بھی کیا ہے۔ وزیر داخلہ کی چیف آف دی ترکش جنرل سٹاف جنرل میٹن گورک سے بھی ملاقات ہوئی۔ انھوں نے جنرل میٹن گورک کو بین الاقوامی ایکسپو کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ جنرل میٹن گورک نے  نمائندگی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے دیگر ممالک کے مندوبین کے ہمراہ ایکسپو کا دورہ کیا اور ایکسپو میں لگائے گئے پاکستان آرڈننس فیکٹریز کے سٹال کا بھی معائنہ کیا۔ انھوں نے پاکستانی سٹال کے منتظمین سے ملاقات کی اور ایکسپو میں رکھے گئے پاکستانی آلات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ استنبول انٹرنیشنل ایکسپو میں جدید مشینری اور آلات دیکھ کر خوشی ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن