• news

پاکستان اصلاحات یقینی بنائے، مہنگائی، بے روزگاری میں کمی، تیز ترقی متوقع: آئی ایم ایف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آئی ایم ایف نے رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی اور بیروزگاری میں کمی کی پیشگوئی کر دی۔ آئی ایم ایف کی جانب سے ورلڈ اکنامک آؤٹ لْک رپورٹ 2024 جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کی اوسط شرح 9.5 فیصد رہے گی، بیروزگاری کی شرح کم ہوکر 7.5 فیصد پر آنے کا امکان ہے جبکہ معاشی ترقی کی رفتار میں بتدریج تیزی متوقع ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں اس سال مہنگائی کی اوسط شرح 9.5 فیصد رہے گی جو گزشتہ سال 23 فیصد سے زیادہ تھی، مہنگائی کی سالانہ شرح 12 فیصد ہدف کے مقابلے میں 10.6 فیصد تک محدود رہنے کی بھی توقع ہے۔ رواں مالی سال شرح نمو 3.2 فیصد رہے گی۔ رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں عالمی معیشت 3.2 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی، البتہ علاقائی تنازعات، سماجی تناؤ اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے پیٹرولیم مصنوعات اور اجناس کی عالمی سپلائی اور پالیسی ریٹ میں کمی کی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ دوسری طرف پاکستانی وفد نے منگل کو عالمی بنک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں وفود سے ملاقات کی۔ الواریز اینڈ مارسل کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے لئے پاکستانی وفد میں سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد، سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز شامل تھے جبکہ الواریز اینڈ مارسل کے وفد کی قیادت سابق گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان اور الواریز اینڈ مارسل میں ساورن مشاورتی خدمات کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر رضا باقر نے کی۔ اجلاس میں اندرونی بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں اور بیرونی قرض دہندگان تک رسائی بحال کرنے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات محمد اورنگزیب واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہونے والے ورلڈ بینک گروپ اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر ایم سی ڈی مسٹر جہاد ازعور سے ملاقات کی۔ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان اصلاحات کے مستقل نفاد کو یقینی بنائے، نجی شعبہ کی ترقی کے عمل میں بھی تیزی لائی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن