نصرت بھٹو نے آمریت کے خلاف کھڑے ہو کر پاکستان کو تاریک دور سے گزارا: بلاول
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو ان کی 13ویں برسی کے موقع پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان میں جمہوریت، انصاف اور برابری کی جدوجہد میں ان کی غیر معمولی خدمات اور بے مثال قربانیوں کو سراہا۔ بلاول ہاؤس میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اپنے پیغام میں بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت کے کاز کے لیے بے لوث وابستگی پر گہری عقیدت کا اظہار کیا اور کہا کہ بیگم بھٹو جمہوریت کے لیے سب کچھ قربان کرنے کی علامت ہیں۔ بیگم بھٹو نے آمریت اور جبر کے خلاف مزاحمت کی علامت کے طور پر کھڑے ہو کر پاکستان کو اس کے تاریک ترین دور سے گزارا۔ مادرِ جمہوریت نے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی۔ مادرِ جمہوریت کی یاد پارٹی اور قوم دونوں کے لیے امید، قوت اور رہنمائی کی علامت بنی رہے گی۔