• news

اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی، بیروت، سرکاری ہسپتال پر حملے میں 13، غزہ 41 شہید

غزہ + بیروت (آئی این پی+ این این آئی ) لبنان کے دارالحکومت بیروت کے سرکاری ہسپتال کے قریب اسرائیل کی تازہ فضائی حملے میں ایک بچے سمیت 13 افراد شہید اور 57 زخمی ہوگئے۔ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک حملے کے دوران اسرائیلی فوج کی 4 گاڑیوں اور ایک ٹینک کو تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ دوسری جانب، غزہ میں ہونے والی بمباری کے نتیجے میں مزید 41 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ جبالیہ میں بھی 33 فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا۔حماس نے جبالیہ میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فوجیوں کو منہ توڑ جواب دیا۔ تنظیم کا دعوی ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فضائی حملے میں جبالیہ کیمپ میں معروف فلسطینی آرٹسٹ محاسن الخطیب شہید ہو گئیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق با صلاحیت مصورہ اور ڈیزائنر محاسن الخطیب حملے کے وقت اپنے گھر پر تھیں، ان کی آخری تخلیق، جو ان کی موت سے چند گھنٹے قبل سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی، وہ بھی سامنے آگئیں۔ دوسری جانب نیتن یاہو حکومت نے ایران کو اسرائیل کے فوجی اڈوں سے متعلق اہم اور حساس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں سات یہودی باشندوں کو گرفتار کرلیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق گرفتار کیے گئے ساتوں اسرائیلی شہریوں کا تعلق حیفہ سے ہے اور ان میں ایک فوجی اور 2 نابالغ بچے بھی ہیں۔گرفتار ہونے والوں نے ایران کے لیے سیکڑوں کام انجام دیے تھے۔ لبنان کے مختلف علاقوں خاص طور پر جنوب، وادی بقاع اور بیروت کے جنوبی مضافات میں پرتشدد حملے جاری ہیں۔ دوسری طرف امریکی ثالث آموس ہاکسٹین لبنان کے دارالحکومت لبنان پہنچے ہیں تاکہ حکام سے بات چیت کرنے کی کوشش کی جا سکے اور تنازعے کا سفارتی حل تلاش کرکے جنگ بندی کی راہ ہموارکی جا سکے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی حکومت نے لبنان میں سفارتی حل کے لیے اپنی شرائط امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے حوالے کر دی ہیں۔اسرائیلی دستاویز میں شامل ان شرائط میں سے ایک یہ ہے کہ اسرائیلی فضائیہ کو لبنان کی فضائی حدود میں کام کرنے کی آزادی حاصل ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن