خیبر پی کے اسمبلی: وزرا کی تنخواہوں میں اضافہ کا ترمیمی بل پیش: موازنہ کرنا ہے تو پنجاب کے ترقیاتی کاموں سے کریں: اپوزیشن لیڈر
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی میں وزراء کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق ترمیمی بل 2024ء پیش کر دیا گیا۔ بل وزیر قانون آفتاب عالم نے پیش کیا۔ ترمیمی بل کے مطابق وزراء کو سرکاری رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش کے لئے دس لاکھ روپے ملیں گے۔ وزراء رہائش گاہوں کے لئے قالین، پردے، ایئرکنڈیشنر اور ریفریجریٹر بھی خرید سکیں گے۔ بل پر اپوزیشن رکن سید عباد اللہ اور رکن پیپلزپارٹی احمد کریم کنڈی نے وزراء کی مراعات بل پر اعتراض کیا۔ احمد کریم کنڈی نے کہا کہ بل میں وضاحت نہیں کی گئی جبکہ وزراء کے گھروں کے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عباداللہ نے کہا کہ صوبائی حکومت بانی پی ٹی آئی کو نکالنے کی بجائے اپنی تنخواہوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ بتایا جائے کہ وزراء نے کیا کام کیا جو تنخواہیں زیادہ کر رہے ہیں، کئی سال سے آپ کے بانی ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں کہ صوبے کی پولیس کو غیر سیاسی کیا ہے۔ پولیس کو غیر سیاسی کرنے کی بجائے آپ نے دوبارہ سیاسی کر دیا۔ وزیر قانون خیبر پی کے نے ایوان کو بتایا کہ اس وقت وزراء کے لئے صرف 7 گھر موجود ہیں اور وزراء کی تعداد 20 ہے۔ صوبائی وزیر کے گھر کی تزئین و آرائش کے لئے پہلے پانچ لاکھ تھے جس میں ڈیڑھ لاکھ ٹیکس کٹ جاتا تھا۔ بتایا جائے تین لاکھ میں تزئین و آرائش کیسے کی جا سکتی ہے؟۔ پنجاب حکومت نے اپنے وزراء کے لئے جو گھر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس پر کروڑوں روپے کا خرچہ آیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر آپ نے وزراء کے لئے گھر نہیں بنائے تو اس سے قبل کس کی حکومت تھی، ان لوگوں نے پنجاب کا حوالہ دیا، میں پنجاب کا نہیں خیبر پی کے کا ممبر ہوں۔ اگر آپ نے پنجاب سے موازنہ کرنا ہے تو وہاں کے ترقیاتی کاموں سے کریں۔