جمہوریت کی بحالی میں نصرت بھٹو کی خدمات ناقابل فراموش: زرداری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر زرداری نے پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کے نظریے کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے بیگم نصرت بھٹو کے مشن پر کاربند رہیں گے۔ صدر مملکت نے نصرت بھٹو کی 13 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے آمر کے خلاف عوام کے حقوق اور جمہوریت کی بحالی کیلئے طویل جدو جہد کی۔ صدر نے بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت کیلئے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ صدر نے رکن قومی اسمبلی بیگم رعنا انصار کے بیٹے کی حادثے میں وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔