توشہ خانہ کیس: بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور، روبکار اڈیالہ جیل نہ پہنچی، رہائی رک گئی
اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت) توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت کی درخواست منظور ہونے کے باوجود بشری بی بی کی رہائی آج ممکن نہیں۔ذرائع کے مطابق بشری بی بی کی رہائی کی روبکار اڈیالہ جیل نہ پہنچ سکی جس کے باعث آج رہائی ممکن نہیں۔ وکیل خالد یوسف چوہدری نے بتایا کہ جن ججز نے رہائی روبکار جاری کرنا تھی وہ دستیاب نہیں، متعلقہ جج کے دستخط کے بعد کل رہائی روبکار جاری ہونے کا امکان ہے، جج کی عدم دستیابی کے باعث بشریٰ بی بی کی رہائی کا قانونی عمل کل پورا کیا جائے گا۔ ٹرائل کورٹ جج شاہ ارجمند جنازے میں شرکت کے لیے چلے گئے۔ ڈیوٹی جج بھی موجود نہ تھے۔ بشری بی بی کے وکلاء نے سیشن جج ویسٹ سے رابطہ کیا مگر ایف آئی اے کیسز الگ عدالت میں ہونے کے باعث سیشن جج نے بھی روبکار جاری نہ کیے۔ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ ٹو کیس میں بشری بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست پر سماعت کی، سماعت کے دوران استفسار کیا کہ بشری بی بی نے تحائف جمع نہیں کرائے تو بانی پی ٹی آئی کوملزم کیوں بنایاگیا۔ جس پرایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید نے کہا پبلک آفس ہولڈر بانی پی ٹی آئی تھے، یہ کیس جسٹس قاضی فائزعیسی کیس سے تھوڑا مختلف ہے، ریاست کو ملنے والا گفٹ جمع کرانا اور ڈیکلیئر کرنا ہوتا ہے، یہ گفٹ ریاست کی ملکیت ہوتا ہے جب تک قانونی طریقے سے خریدا نہ جائے۔ عمیر مجید کا کہنا تھا کہ یہ کیس ایسے گفٹ سے متعلق ہے جوجمع ہی نہیں کرایاگیا، ریاست کی ملکیت تحفے کو خریدنے سے پہلے اپنے پاس نہیں رکھاجاسکتا۔جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہا برطانوی وزیراعظم بھی تحائف اپنے ساتھ گھرلے گئے، سب نے انہیں کہا تو وہ بولے رولز کے مطابق لیا ہے،ان سے کہا گیا کہ رولز اپنی جگہ لیکن آپ کا ایک قد کاٹھ بھی ہے، اگراب یہ بلغاری سیٹ واپس کردیں توکیا ہوگا۔جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹرنے کہا نیب قانون میں توپلی بارگین ہے لیکن قانون میں ایسی کوئی شق نہیں۔جسٹس گل حسن نے کہاکہ اگر آپ کو یا ڈپٹی اٹارنی جنرل کو موقع ملے تو آذربائیجان جا کر دیکھیں،دنیا کے صدور کو جو گفٹ ملتے ہیں وہ ان کی تصاویر کیساتھ رکھتے ہیں،یاسر عرفات کی جانب سے مسجد اقصی کے ماڈل کا تحفہ بھی وہاں ہے،وہاں جانا ہوا، مجھے وہاں پر محترمہ بینظیر بھٹو کی تصویر نظر آئی،بدقسمتی سے کسی اور کی کوئی تصویر نظر نہیں آئی۔ دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بشری بی بی کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور انھیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے احکامات جاری کئے، جس میں 10،10لاکھ روپے کے 2ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف فرد جرم کی کارروائی ایک مرتبہ پھر موخرکردی۔ جوڈیشل کمپلیکس میں ہی سماعت کے دوران عدالت نے بغیر کسی کارروائی کے کیس کی سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنا تھی جبکہ سکیورٹی خدشات کے باعث اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں اور جیل سماعتوں پر پابندی عائد ہے۔