پنجاب کی ہر بیٹی پر ناز، مریم نواز: شیخوپورہ سیف سٹی سمیت کئی منصوبوں کا افتتاح، سنگ بنیاد
لاہور+شیخوپورہ+ فیروز والہ (نیوزرپورٹر+نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اقوام متحدہ سے منسوب دن پر پیغام میں کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ امن، انسانی حقوق اور ترقی کے لئے امید کی کرن ہے۔ اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں غربت، جہالت، اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کی ہے۔ پاکستان اقوامِ متحدہ کے بنیادی مقاصد سے گہری وابستگی رکھتا ہے۔ ذمہ دار اور سرگرم رکن کی حیثیت سے پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی پاسداری کی ہے۔ اقوام متحدہ کے عالمی دن پر اپیل کرتے ہیں فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کو حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خواتین کو معاشی طور پر با اختیار اور ہنرمند بنانے کے ویژن کے تحت گارمنٹ سٹی میں خواتین کے پہلے بیچ کی ووکیشنل ٹریننگ مکمل ہوگئی۔ وزیر اعلیٰ نے قائد اعظم بزنس پارک میں قائم گارمنٹ سٹی میں ٹریننگ مکمل کرنے والی پہلے بیچ کی سٹوڈنٹس کو سرٹیفکیٹس، ملازمت کے لیٹر اور سکالرشپ کے چیک دیئے۔ واہگہ لاہور سے قائد اعظم بزنس پارک آنے والی بچیوں کو نہ صرف سکالرشپ، ٹریننگ، نوکری کا لیٹر دیا بلکہ ان کے لئے مفت پک اینڈ ڈراپ کا بھی اہتمام کیا۔ ٹریننگ مکمل کرنے والی خواتین نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ اد اکیا اور ان کے لئے تالیاں بجائیں اور دعائیں بھی دیں۔ مریم نواز نے طالبات کے ساتھ بیٹھ کر سٹیچنگ کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا اور ان سے جان کاری حاصل کی۔ طالبات کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ ٹیچرز کو بھی کیش ایوارڈ دیئے۔ وزیر اعلیٰ نے بچیوں سے گفتگو میں کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ آپ لینے والے نہیں بلکہ دینے والا ہاتھ بن جائیں اور آپ کو ہنر مند بنانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ آپ کو کسی قسم کی مالی محتاجی نہ ہو۔ خود باعزت روزگار کما سکیں، یہی اس منصوبے کا مقصد تھا۔ ہنرمند بننے کے بعد کوئی آپ کو کمزور نہیں سمجھے گا۔ حکومت پنجاب ہر تحصیل میں گارمنٹ ٹریننگ سنٹر قائم کررہی ہے تاکہ بیٹیوں کو گھر سے دور سفر نہ کرنا پڑے۔ میں بچیوں کے ہنر سیکھنے پر بہت خوش ہوں کہ مجھے یقین ہے کہ پورے اعتماد کے ساتھ جی سکیں گی۔ مجھے پنجاب کی ہر بیٹی پر ناز ہے، آپ اپنے گھر کی عزت اور شان ہیں۔ آپ کی ترقی کے سفر پر بہت خوش ہوں۔ پنجاب کی خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار، کھیلوں سمیت ہر شعبے میں ترقی اورخوشحالی کی مثال بنانا ہے۔ ٹریننگ حاصل کرنے والی بچیوں نے خوشی کے جذبات سے مریم نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے اور کہا کہ آپ نے بڑی بہن اور ماں بن کر ہمیں زندگی میں آگے بڑھنے کا نیا حوصلہ، اعتماد اور موقع دیا ہے۔ قبل ازیں وزیر اعلی نے قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ انٹرچینج نئی روڈ کا افتتاح کیا۔ گارمنٹ سٹی میں دو پلگ اینڈ پلے سٹیچنگ یونٹس، لیبر کالونی میں میل فی میل ہاسٹل پراجیکٹس اور ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ آف گارمنٹ سٹی کی تزئین نو پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ گارمنٹ سٹی کے احاطے میں بوہڑ کا مقامی پودا بھی لگایا۔ مریم نواز شریف کے ہر شہر کو محفوظ بنانے کے ویژن کے تحت پنجاب کا چوتھا شہر شیخو پورہ بھی پنجاب کے سیف سٹیز میں شامل ہو گیا۔ اگلے مارچ تک پنجاب کے18 شہروں کو سیف سٹی بنانے کے پروگرام کا آغاز شیخوپورہ سے کیا گیا۔آئندہ ہفتے 4 مزید شہر سیف سٹی بن جائیں گے، جن کا افتتاح وزیر اعلی کریں گی۔ مریم نوازنے شیخوپورہ کے سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح بھی کر دیا اور سیف سٹی شیخوپورہ کی ویڈیو وال کا مشاہدہ کیا اور سیف سٹی شیخوپورہ میں جدید مواصلاتی آلات کامعائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ کو جدید باڈی کیم، رگڈ سمارٹ فون اور دیگر آلات کے بارے بھی بتایا گیا۔ مریم نواز نے پولیس کمیونیکیشن آفیسرز سے بات چیت کی اور ان کے فرائض کے بارے میں دریافت کیا۔ شیخوپورہ کے ارکان اسمبلی سے ملاقات بھی کی۔ ڈی پی او شیخو پورہ نے امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے سی ایم انیشیٹیو پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ارکان اسمبلی کے مطالبے پر ملاقات میں شیخوپورہ سرگودھا روڈ کی تعمیر و توسیع اور اوور ہیڈ کے پراجیکٹ پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وال چاکنگ کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کا حکم دیا اور ڈی سی اور پولیس حکام کو عوام کے لئے آفس کے دروازے کھلے رکھنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے کوٹلی ستیاں میں سکول وین حادثے میں دو بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔